• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ناظم آباد، پی پی، ایم کیو ایم کارکنوں میں جھڑپ، متحدہ کارکن ہلاک، شدید فائرنگ

کراچی(اسٹاف رپورٹر ) ناظم آباد میں دو سیاسی جماعتوں میں تصادم کے دوران ایک سیاسی جماعت کا کارکن جاں بحق جبکہ دوسری سیاسی جماعت کا ایک کارکن زخمی ہوگیا،واقعہ کے بعد مشتعل افراد نے دو ڈبل کیبن گاڑیوں کو نذر آتش اور متعدد گاڑیوں کے شیشے توڑ دیے۔تفصیلات کے مطابق ناظم آباد نمبر دو ملٹی چوک کے قریب اتوار اور پیر کی درمیانی شب دو سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں تصادم ہوا جسکے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔اس دوران شدید فائرنگ سے علاقہ گونج اٹھا۔مسلح افراد نے متعدد گاڑیوں پر ڈنڈے برسائے جس سے گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔اطلاع پر گلبہار پولیس موقع پر پہنچی تاہم پولیس کی موجودگی میں بھی فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا جس کی زد میں آکر دو افراد زخمی ہوگئے۔ایک زخمی کو پرائیوٹ گاڑی میں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ دوسرے زخمی کو اسپتال لے جانے کے لیے پولیس موبائل میں ڈالا گیا تاہم پولیس موبائل فائرنگ کے باعث علاقے سے نکلنے میں ناکام ہوگئی۔بعد ازاں اسے ویگو گاڑی میں منتقل کر کے عباسی شہید اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ زخمی ہونے والا شخص دم توڑ چکا ہے۔پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 44 سالہ فراز احمد قریشی ولد غیور احمد قریشی کے نام سے کی گئی جبکہ زخمی ہونے والے نوجوان کی شناخت 25 سالہ راو محمد طلحہٰ ولد راو محمد سلیم کے نام سے ہوئی۔طلحہٰ کو ابتدائی طبی امداد کے بعد اسپتال سے نجی اسپتال منتقل کر دیا گیا ، علاقہ مکینوں کے مطابق پیپلز پارٹی کی ریلی علاقے سے گزر رہی تھی کہ پیپلز پارٹی کے کارکنان ایم کیو ایم پاکستان کے دفتر کے سامنے اپنا جھنڈا لگا رہے تھے ، اسی دوران ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی جو نوبت ہاتھا پائی تک پہنچ گئی۔گاڑیوں میں سوار نامعلوم افراد نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جبکہ کچھ افراد نے گاڑیوں پر ڈنڈے بھی برسائے ۔اسی دوران نامعلوم افراد نے دو ڈبل کیبن ( ہائی لکس ) گاڑیوں کو آگ لگا دی ، بعدازاں رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچی جس کے بعد فائرنگ کا سلسلہ تھما۔فائربریگیڈ کی ایک گاڑی نے موقع پر پہنچ کر گاڑیوں میں لگنے والے آگ کو بجھایا جبکہ جلنے والی گاڑی کے مالکان رینجرز کی موبائل میں بیٹھ کر اپنی گاڑیوں تک پہنچے تاہم اس وقت تک دونوں گاڑیاں جل کر مکمل طور پر تباہ ہوچکی تھیں۔پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والا فراز پاپوش نگر کا رہائشی اور ایم کیو ایم پاکستان گلبہار سیکٹر یونٹ 38 کا انچارج تھا جبکہ زخمی ہونے والا راو محمد طلحہٰ پیپلز پارٹی کا کارکن ہے۔واقعہ کے بعد ایم کیو ایم پاکستان کے سیکڑوں مشتعل کارکنان عباسی شہید اسپتال پہنچ گئے۔ بعد ازاں مقتول کی لاش پولیس کارروائی کے بعد نیوکراچی کے کے ایف سردخانے لے جائی گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے فائرنگ کے شبہ میں 4 افراد کو حراست میں لے کر تحقیقات کر آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ جائے وقوعہ سے متعدد خول ملے ہیں جنہیں فارنزک کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔

اہم خبریں سے مزید