• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
تعارف :
سید اظہر حسنین عابدی ایک ماہر تعلیم اور کیریئر کونسلر ہیں جو تقریباً بیس سال سے زیادہ عرصے سے کونسلنگ کے شعبہ سے منسلک ہیں۔ وہ تعلیم کے موضوع پر ایک سو سے زیادہ قومی و بین الاقوامی سیمینارز میں ملک کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ سید عابدی نے12500سے زیادہ طلبہ کو ان کے بہتر مستقبل کے لئے اندرون ملک اور بیرون ملک مفید مشورے دیئے ہیں۔ ہزاروں بچوں نے ان کے ذریعے
بے شمار وظائف حاصل کئے ہیں۔ ان کے ملکی اور غیر ملکی ہائی رینکنگ تعلیمی اداروں سے بھی رابطے میں آپ کو ان کی انہی خدمات کے صلے میں صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان نے تمغہ امتیاز بھی عطا کیا ہے۔
سید عابدی جنگ گروپ کے تعاون سے ہر ہفتے والدین، طالب علم، اساتذہ اور تعلیم کے شعبے سے منسلک افراد کے سوالوں کے جواب دیں گے اور آپ کو اس کالم کے ذریعے تعلیم کے شعبے کے بارے میں مفید مشورے فراہم کریں گےخاص طور پر کیریئر کونسلنگ کے بارے میں۔ بچوں کی بروقت کونسلنگ ان میں نہاں صلاحیتوں اور رجحان کو نہ صرف ابھارتی ہے بلکہ ان کی صلاحیتوں اور رجحان کے مطابق انہیں درست تعلیمی کیریئر کا راستہ بھی دکھاتی ہے۔ یہ کونسلنگ ان والدین کی بھی رہنمائی کرتی ہے جو بچوں کی مخفی صلاحیتوں اور رجحان کو جانے بغیر انہیں اپنی خواہشات کے مطابق تعلیمی کیریئر اختیار کرنے پر مجبور کرتے ہیں۔
سید عابدی ماہر تعلیم اور ایجوکیشن کونسلر اس کالم کے ذریعے آپ کے سوالوں کا جواب دیں گے۔ان سے رابطے کیلئے s.abidi@janggroup.com.pk پر ای میل کریں تاکہ آپ کے بچوں یا تعلیم سے منسلک آپ کے سوالوں کے جواب اور مفید مشورے فراہم کریں۔

س۔میری بھتیجی لاہور میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج سے ڈاکٹر آف فزیکل تھراپی کر رہی ہے برائے کرم مجھے بتائیں کہ پاکستان میں اس کا کیا اسکوپ ہے تعلیمی میدان میں اس کو آگے کیا کرنا چاہئے؟کیا اسے بیرون ملک جانا چاہئے؟ کیااس کے متعلقہ شعبے میں آگے بڑھنے کے امکانات پاکستان میں موجود ہیں؟
میری ایک اور بھتیجی میٹرک کی طالبہ ہے اور وہ ریاضی کے مضمون میں بہت اچھی ہے کیا پاکستان میں کوئی ایسا ادارہ موجود ہے جہاں وہ ایکچوریل سائنس پڑھ سکے اور اس فیلڈ کا پاکستان میں کیا اسکوپ ہے؟ (ذکاء قاضی،لاہور)
ج۔آپ کی بھتیجی نے ایک بہترین مضمون کا انتخاب کیا ہے اس کی مانگ بیرون ملک اور پاکستان میں موجود ہے میرا یہ مشورہ ہے کہ وہ اپنا کورس مکمل کرے اور چند سال اپنے شعبے میں کام کر کے تجربہ حاصل کرے۔جس کے بعد وہ یو کے،کینیڈا،یو ایس اے میں سے کسی بھی ملک میں فزیوتھراپی کے لئے اپلائی کر سکتی ہے اور مجھے امید ہے کہ اگر وہ اچھے گریڈ حاصل کرنے میں کامیاب ہوتی ہے تو وہ اسکالرشپ کے لئے بھی اپلائی کر سکتی ہے۔
دوسری بھتیجی کے لئے آپ لاہور کے کالجوں میں تلاش کریں اگر ایکچوریل سائنس پڑھایا جاتا ہے کیونکہ مجھے شبہ ہے کہ پاکستان میں یہ ڈگری فل ٹائم نہیں کرائی جاتی۔
س۔سر میں فارم ڈی کا طالبعلم ہوں برائے کرم مجھے بتائیں کہ میں اپنا کیریئر بہتر بنانے کے لئے فارم ڈی کے بعد سی ایس ایس کروں یا مجھے اپنی فیلڈ کا تجربہ حاصل کرنے کے لئےکام کرنا چاہئے؟(سہیل کلیم،کراچی)
ج۔میرا یہ مشورہ ہے کہ آپ فارمیسی میں ہی اپنا کیریئر بنائیں فارمیسی کرنے کے بعد مجھے لگتا ہے کہ آپ مارکیٹنگ میں ڈپلومہ کریں،جس سے یقیناً آپ کو ملازمت کے مواقع حاصل ہوں گے۔
س۔سر میں نے ڈی اے ای الیکٹریکل کیا ہے اور میں آگے اپنی تعلیم جاری رکھنا چاہتا ہوں میری دلچسپی فزکس کے مضمون میں ہے۔براہ کرم مجھے بتائیں کہ میں کون سی فیلڈ میں جائوں یا مستقبل میں مجھے کون سا شعبہ اختیار کرنا چاہئے؟ (عبدالسلام،بہاولپور)
ج۔ڈی اے ای الیکٹریکل کے ساتھ میں آپ کو یہ مشورہ دوں گا کہ آپ ٹیلی کمیونکیشن یا وائرلیس میں جائیں اور بی ایس سی انجینئرنگ کریں۔
س۔ سر میں نے بی ایس سی (آنرز) الیکٹرونکس گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور سے 2013ء میں کیا اور اب میں مارکیٹنگ کے شعبے میں ملازمت کر رہی ہوں۔یہ شعبہ میری تعلیم سے بالکل مختلف ہے اور بدقسمتی سے اس شعبے میں خواتین بہتر طریقے سے کام نہیں کر سکتیں۔ میں اپنی تعلیم پھر سے شروع کرنا چاہتی ہوں اور ساتھ ساتھ میں اپنی ملازمت بھی جاری رکھوں گی،آپ سے گزارش ہے کہ میری رہنمائی کریں کہ میرے لئے بہتر فیلڈ کون سی ہے؟(فائزہ احسان،لاہور)
ج۔میرا یہ مشورہ ہے کہ آپ موجودہ ڈگری کے ساتھ ماسٹرز مینجمنٹ میں کریں اور آپ ٹیکنالوجی مینجمنٹ یا انڈسٹریل مینجمنٹ میں سے کسی ایک کا انتخاب کر سکتی ہیں۔اس سے آپ کا کیریئر مینجمنٹ ایریا کی طرف شروع ہو گا۔
س۔سر میں نے انٹرنیشنل ریلیشنز میں ماسٹر کیا ہے اور اب میں ایل ایل بی کر رہا ہوں،میں اپنے مستقبل کو لے کر بہت پریشان ہوں۔ میری رہنمائی کریں کہ میں سی ایس ایس کروں یا کچھ اور؟ آپ سے گزارش ہے کہ آپ مجھے مشورہ دیں(امران ۔کوئٹہ)
ج۔میں یہ سمجھتاہوں کہ آپ کو سی ایس ایس کے لئے ضرور اپلائی کرنا چاہئے اور مجھے امید ہے کہ انٹرنیشنل ریلیشنز اور لا کی تعلیم سی ایس ایس کرنے میں آپ کی بہت مدد کرے گی اور انشاء اللہ آپ یہ امتحان بنا کسی مشکل کے پاس کر لیں گے۔
تازہ ترین