اسلام آباد(مہتاب حیدر، تنویر ہاشمی) وزیر اعظم کی ہدایت پر ایف بی آر اور کارنداز پاکستان کے درمیان ٹیکس سسٹم کی ڈیجیٹائزیشن کے لئے معاہدہ پر دستخط کر دیئے گئے ہیں ، تقریب میں چیئرمین ایف بی آر ملک امجد زبیر ٹوانہ اوروزارت خزانہ کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی کارنداز پاکستان ایف بی آر کے ٹیکس سسٹم کی ڈیجیٹائزیشن میں معاونت کرے گا۔ ڈیجیٹائزیشن سے ٹیکس دہندگان کے اخراجات کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ معاہدہ سے معیشت کی ڈیجیٹائزیشن، ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے اور محصولات میں پائیدار اضافہ کیا جا سکے گا۔ چیئرمین ایف بی آر ملک امجد زبیر ٹوانہ نے کہا ہےکہ دستاویزی معیشت کے چیلنج سے نمٹنے اور ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے کے لئے ٹھوس کوششیں کی جارہی ہیں۔ کارنداز حکام نے کہا کہ کارانداز پاکستان ایف بی آر کی ڈیجیٹل تبدیلی اور ڈیجیٹائزیشن کے اقدامات کے نفاذ کے لئے مل کرکام کرے گا۔ چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ ڈیجیٹائزیشن سے ایف بی آر کی کارکردگی میں مزید بہتر ی آئے گی۔