• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
تعارف
سید اظہر حسنین عابدی ایک ماہر تعلیم اور کیریئر کونسلر ہیں جو تقریباً بیس سال سے زیادہ عرصے سے کونسلنگ کے شعبہ سے منسلک ہیں۔ وہ تعلیم کے موضوع پر ایک سو سے زیادہ قومی و بین الاقوامی سیمینارز میں ملک کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ سید عابدی نے12500سے زیادہ طلبہ کو ان کے بہتر مستقبل کے لئے اندرون ملک اور بیرون ملک مفید مشورے دیئے ہیں۔ ہزاروں بچوں نے ان کے ذریعے بے شمار وظائف حاصل کئے ہیں۔ ان کے ملکی اور غیر ملکی ہائی رینکنگ تعلیمی اداروں سے بھی رابطے میں آپ کو ان کی انہی خدمات کے صلے میں صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان نے تمغہ امتیاز بھی عطا کیا ہے۔
سید عابدی جنگ گروپ کے تعاون سے ہر ہفتے والدین، طالب علم، اساتذہ اور تعلیم کے شعبے سے منسلک افراد کے سوالوں کے جواب دیں گے اور آپ کو اس کالم کے ذریعے تعلیم کے شعبے کے بارے میں مفید مشورے فراہم کریں گےخاص طور پر کیریئر کونسلنگ کے بارے میں۔ بچوں کی بروقت کونسلنگ ان میں نہاں صلاحیتوں اور رجحان کو نہ صرف ابھارتی ہے بلکہ ان کی صلاحیتوں اور رجحان کے مطابق انہیں درست تعلیمی کیریئر کا راستہ بھی دکھاتی ہے۔ یہ کونسلنگ ان والدین کی بھی رہنمائی کرتی ہے جو بچوں کی مخفی صلاحیتوں اور رجحان کو جانے بغیر انہیں اپنی خواہشات کے مطابق تعلیمی کیریئر اختیار کرنے پر مجبور کرتے ہیں۔
سید عابدی ماہر تعلیم اور ایجوکیشن کونسلر اس کالم کے ذریعے آپ کے سوالوں کا جواب دیں گے۔ان سے رابطے کیلئے s.abidi@janggroup.com.pk پر ای میل کریں تاکہ آپ کے بچوں یا تعلیم سے منسلک آپ کے سوالوں کے جواب اور مفید مشورے فراہم کریں۔
س۔سر میں نے ماسٹرز اِن کامرس ہیلے کالج آف کامرس یونیورسٹی آف پنجاب سے 2002ء میں کیا ہے اور میں ایک مائیکروفنانس بنک میں بحیثیت منیجر آپریشن پچھلے ایک سال سے ملازمت کر رہا ہوں۔بینکنگ فیلڈ میں میرا تقریبا ً 9سال کا تجربہ ہے اور اس دورانیہ میں میں نے کمرشل اور مائیکروفنانس بینکوں میں کام کیا ہے میں اپنی موجودہ تعلیمی قابلیت اور ہنر کو بدلتے وقت کے ساتھ مزید بہتر کرنا چاہتا ہوں برائے کرم مجھے بتائیں کہ میں کوئی ڈپلومہ کروں یا ڈگری جس سے میرے آگے بڑھنے کے امکانات مزید بہتر ہو سکیں ؟
(فہد منور،گوجرانوالہ)
ج۔آپ کے لئے بہترین مشورہ یہ ہے کہ آپ اپنی موجودہ ڈگری کے ساتھ ماسٹرز انٹرنیشنل فنانس یا انوسٹمنٹ اینڈ بینکنگ میں سے کسی ایک مضمون کا تعین کرتے ہوئے بیرون ملک کسی اچھی یونیورسٹی سے کر سکتے ہیں لیکن اگر آپ پاکستان میں اپنی تعلیم جاری رکھنا چاہتے ہیں تو آپ یہاں کی یونیورسٹیوں میں سے کسی کا انتخاب کرسکتے ہیں اور تعلیم اپنی موجودہ ملازمت کے ساتھ پارٹ ٹائم بھی جاری رکھ سکتے ہیں۔
س۔سر میں بی ایس بوٹنی کی طالبہ ہوں اور تین ماہ بعدمیری ڈگری مکمل ہو جائے گی میں ایم ایس مائیکروبائیولوجی بیرون ملک سے کرنا چاہتی ہوں لیکن میں بیرون ملک تعلیم کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتی، مجھے ایم ایس یا ایم فل کی اسکالر شپ کے بارے میں بتائیں اور اس کے لئے اپلائی کرنے کا طریقہ کاربتائیں اور میرے پاس IELTS کی ڈگری بھی نہیں ہے۔
(عائشہ خالد،لاہور)
ج۔میں یہ سمجھتا ہوں کہ بیرون ملک تعلیم اور اسکالرشپ/وظیفہ کے بارے میں ابھی بات کرنا قبل از وقت ہو گا کیونکہ ان دونوں کا انحصارآپ کے بی ایس میں آنے والے جی پی اے یا گریڈپر ہو گا ۔میں آپ کو ایک مکمل مشورہ تب ہی دے سکتا ہوں جب آپ اپنا بیچلرز مکمل کر لیں اور آپ کے پاس فائنل نتیجہ آجائے۔IELTSانگلش لینگویج کی ایک سرٹیفکیشن ہے اور اس کے بنا کوئی بھی بیرون ملک یونیورسٹی داخلہ نہیں دیتی۔
س۔میں ایک سول انجینئر ہوں اور بہاولپور میں کام کر رہا ہوں اپنے بیچلرز کے بعد میں اپنی تعلیم جاری رکھنا چاہتا ہوں مجھے معلوم ہوا ہے کہ پاکستان کی ایک یونیورسٹی پروجیکٹ مینجمنٹ میں ماسٹرز آن لائن کروا رہی ہے آپ سے گزارش ہے کہ مجھے بتائیں کہ آن لائن ماسٹرز کرنافائدہ مند ہو گا یا نہیں؟ (محمد آصف،بہاولپور)
ج۔سول انجینئرنگ کے بعد پروجیکٹ مینجمنٹ کا ماسٹرز یقیناً آپ کے لئے فائدہ مند ہو گا اور اس سے آپ کا پروفیشنل کیریئر بھی مزید آگے بڑھے گا۔پاکستان میں آن لائن ڈگری کے بارے میں تو میں زیادہ کچھ آپ کو نہیں بتا سکتا لیکن میں یہ ضرور کہوں گا کہ آپ اس یونیورسٹی سے کورس اور آن لائن ڈگری کی معلومات حاصل کریں تاکہ آپ بہتر فیصلہ کرسکیں۔
س۔سر میں ایم بی اے تھرڈ سمیسٹر کا اسٹوڈنٹ ہوں اور میری ڈگری کا مکمل دورانیہ ساڑھے تین سال ہے ایم بی اے کے چوتھے سمیسٹر میں مجھے بینکنگ یا فنانس میں سے کسی ایک اسپیشلائزیشن کا انتخاب کرنا ہے جس کے لئے مجھے آپ سے مشورہ چاہئے کہ میں بینکنگ یا فنانس میں سے کس میجر مضمون کا انتخاب کروں جس میں اپنا پروفیشنل کیریئر بنا سکوں؟(شہزاد بھٹی،سرگودھا)
ج۔بینکنگ اور فنانس دونوں بہترین اسپیشلائزیشن ہیں میرا یہ مشورہ ہے کہ آپ سب سے پہلے اپنی دلچسپی اور اپنی قابلیت دیکھیں کیونکہ اس بات کا اندازہ آپ تب ہی کر سکتے ہیں۔ ان اسپیشلائزیشن یا میجرز میں سے آپ جس کا بھی انتحاب کریں گے وہ آپ کے لئے فائدہ مند ہو گا کیونکہ پروفیشنلی ان دونوں مضامین کی مانگ ہے۔
تازہ ترین