• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی اور سفارتی مدد جاری رکھے گا، عامر آفتاب، پرچم کشائی کی تقریب

ایتھنز (مرزارفاقت حسین) پاکستان کی طرح پوری دنیا میں یوم پاکستان جو ش وخروش اور ملی جذبے سے منایا گیا۔ یوم پاکستان کے پرمسرت موقع پر یونان میں سفارتخانہ پاکستان میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا تقریب میں یونان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے اکابرین اور ارکان نے شرکت کی۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت ﷺرسول مقبول سے کیا گیا قومی ترانہ کی دھن پر یونان میں پاکستان کے سفیر محمد عامر آفتاب قریشی نے پرچم کشائی کی سفیر پاکستان نے صدر پاکستان آصف علی زرداری اور وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کے پیغامات پڑھ کر سنائے ۔ان پیغامات میں کہاگیا کہ آج تجدید عہد کا دن ہے آج کے دن ہم کو عہد کرنا ہوگا کہ ہم پاکستان کے وفادار رہیں گے آج کے دن ہم قیام پاکستان میں اپنا کردار ادا کرنے والے ہمارے محسن قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال سمیت تمام ر ہنماؤں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ سفیر پاکستان نے دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانیوں کو یوم پاکستان کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم کو پاکستان کی تعمیر وترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کا موقف بڑا واضح ہے پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی اور سفارتی مدد جاری رکھے گا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج نے ظلم کا جو بازار گرم کیا ہوا ہے اس کی دنیا میں مثال نہیں ملتی۔ فلسطینی عوام پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں اور فلسطینی عوام کو ان کے حقوق دئیے جائیں یوم پاکستان کی اس تقریب میں سینیٹر ڈاکٹر زرقہ تیمور نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی تقریب کے آخر میں پاکستان کے امن اور سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

یورپ سے سے مزید