• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
تعارف
سید اظہر حسنین عابدی ایک ماہر تعلیم اور کیریئر کونسلر ہیں جو تقریباً بیس سال سے زیادہ عرصے سے کونسلنگ کے شعبہ سے منسلک ہیں۔ وہ تعلیم کے موضوع پر ایک سو سے زیادہ قومی و بین الاقوامی سیمینارز میں ملک کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ سید عابدی نے12500سے زیادہ طلبہ کو ان کے بہتر مستقبل کے لئے اندرون ملک اور بیرون ملک مفید مشورے دیئے ہیں۔ ہزاروں بچوں نے ان کے ذریعے بے شمار وظائف حاصل کئے ہیں۔ ان کے ملکی اور غیر ملکی ہائی رینکنگ تعلیمی اداروں سے بھی رابطے میں آپ کو ان کی انہی خدمات کے صلے میں صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان نے تمغہ امتیاز بھی عطا کیا ہے۔
سید عابدی جنگ گروپ کے تعاون سے ہر ہفتے والدین، طالب علم، اساتذہ اور تعلیم کے شعبے سے منسلک افراد کے سوالوں کے جواب دیں گے اور آپ کو اس کالم کے ذریعے تعلیم کے شعبے کے بارے میں مفید مشورے فراہم کریں گےخاص طور پر کیریئر کونسلنگ کے بارے میں۔ بچوں کی بروقت کونسلنگ ان میں نہاں صلاحیتوں اور رجحان کو نہ صرف ابھارتی ہے بلکہ ان کی صلاحیتوں اور رجحان کے مطابق انہیں درست تعلیمی کیریئر کا راستہ بھی دکھاتی ہے۔ یہ کونسلنگ ان والدین کی بھی رہنمائی کرتی ہے جو بچوں کی مخفی صلاحیتوں اور رجحان کو جانے بغیر انہیں اپنی خواہشات کے مطابق تعلیمی کیریئر اختیار کرنے پر مجبور کرتے ہیں۔
سید عابدی ماہر تعلیم اور ایجوکیشن کونسلر اس کالم کے ذریعے آپ کے سوالوں کا جواب دیں گے۔ان سے رابطے کیلئے s.abidi@janggroup.com.pk پر ای میل کریں تاکہ آپ کے بچوں یا تعلیم سے منسلک آپ کے سوالوں کے جواب اور مفید مشورے فراہم کریں۔
س۔سر میں نے الیکٹریکل انجینئرنگ 83% مارکس سے کیا ہے اور اب میں ماسٹرز کرنا چاہتا ہوں برائے کرم مجھے بتائیں کہ مجھے کون سے مضامین کا انتخاب کرنا چاہئے اور ماسٹرز میں انجینئرنگ کروں یا مینجمنٹ کے مضامین کا انتخاب کروں؟(فہیم احمد،ملتان)
ج۔میرا یہ مشورہ ہے کہ آپ ایم ایس سی میکا ٹرونکس میں کریں یہ مضمون ایک زبردست مکسچر ہے الیکٹریکل الیکٹرونکس اور مکینیکل انجینئرنگ کا اور یہ ڈگری مکمل کرنے کے بعد مستقبل میں آپ کے پاس بہترین ملازمت کے مواقع موجود ہوں گے۔ پاکستان اور بیرون ممالک میں بے شمار یونیورسٹیاں ہیں جو یہ ڈگری کراتی ہیں۔ آپ اپنے مالی وسائل کے لحاظ سے انتخاب کر سکتے ہیں۔
س۔سر میں ایک گورنمنٹ اسکول میں سینئر سیکنڈری ٹیچر کی حیثیت سے ملازمت کر رہی ہوں، میں نے ماسٹرز ہسٹری اور ایک انگلش(لینگوئسٹکس) میں کیا ہے میرا پورا تعلیمی کیرئیر بہترین رہا ہے لیکن گریجویشن میں میری تھرد ڈویژن یعنی% 44تھے جو میرے کیریئر، ترقی میں بہت بڑی رکاوٹ ہے۔ میں ایم فل کرنا چاہتی ہوں لیکن میری تھرد ڈویژن بیچلرز کی وجہ سے مجھے نہیں لگتا کہ میں آگے بڑھ پائوں گی۔ برائے کرم مجھے مشورہ دیں (مہوش،صادق آباد)
ج۔میں یہ سمجھنے سے قاصر ہوں کہ آپ کی بیچلرز ڈگری کس طرح سے آپ کی ترقی میں رکارٹ بن رہی ہے جبکہ آپ بیچلرز کے بعد دو ماسٹرز اچھے گریڈز/مارکس میں مکمل کر چکی ہیں۔ اگر آپ ٹیچنگ میں ہی مزید اپنا کیریئر بنانا چاہتی ہیں تو میں آپ کو یہ مشورہ دوں گا کہ آپ ایم فل کے بجائے بی ایڈ کریں اور مزید چند سال کام کرنے کے بعد ایم ایڈ ہسٹری یا لینگوئسٹکس میں کریں جس سے آپ کی پروفائل مزید بہتر ہو گی۔
س۔سر میرا نام محمد فیضان ہے اور میں ایک پرائیوٹ ایجوکیشنل انسٹیٹیوٹ میں اسٹاف آفیسر کی حیثیت سے کام کر رہا ہوں۔ میں ملازمت کے ساتھ ساتھ پڑھتا بھی ہوں جس کی وجہ سے ابھی تک میں اپنی ماسٹرز کی ڈگری مکمل نہیں کر سکا۔میرا تعلق متوسط طبقے سے ہے۔میں اپنی مالی حالت کی وجہ سے تعلیم جاری نہیں رکھ سکا۔ میرا آفس مینجمنٹ اور ایڈمن میں سات سالہ تجربہ ہے ۔برائے کرم میری رہنمائی فرمائیں کہ مجھے کیا کرنا چاہئے؟(محمد فیضان،لاہور)
ج۔میرا یہ مشورہ ہے کہ آپ ایم بی اے کسی جانی مانی یونیورسٹی سے کریں اور مجھے امید ہے کہ ابھی کی گئی محنت اور انویسٹمنٹ آپ کو مستقبل میں بہترین مواقع فراہم کرے گی اور جلد ہی آپ اپنی مالی پریشانیوں سے نجات حاصل کر لیں گے۔چونکہ آپ لاہور سے تعلق رکھتے ہیں تو میں یہ چاہوں گا کہ آپ میرا کونسلنگ سیشن جو کہ 8مارچ 2014کو کنٹونمنٹ انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ اینڈ لینڈ ایڈمنسٹریشن، احمد بخش روڈ ،آراے بازار لاہور کینٹ میں منعقد ہو رہا ہے وہاں ضرور تشریف لائیں۔
س۔سر میں بی ایس سی ایس کراچی یونیورسٹی سے کر رہا ہوں اور ابھی ساتویں سیمسٹر کا طالب علم ہوں،میں آگے ایم ایس کرنا چاہتا ہوں مجھے آپ کا مشورہ چاہئے کہ میں کس اسپیشلائزیشن کا انتحاب کروں اور پاکستان کی کس یونیورسٹی سے ماسٹرز کروں؟ (محمد ایوب،کراچی)
ج۔میرا یہ مشورہے کہ آپ ایم ایس کمپیوٹر سائنس میں کریں اور پاکستان میں آپ نسٹ،فاسٹ یا COMSATSمیں سے کسی ایک یونیورسٹی کا انتخاب کر سکتے ہیں۔
تازہ ترین