وٹفورڈ( نمائندہ جنگ ) اوور سیز کمیونٹی کے مسائلِ کے حل کیلئے ہماری جد و جہد جاری رہے گی ،انسانیت کی خدمت ہی ہمارا منشورہے ۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان اوور سیز کمیونٹی انٹر نیشنل کے چیئرمین میاں طارق جاوید نے وٹفورڈ کے مقامی ریسٹورنٹ میں معززین کمیونٹی کو استقبالیہ میں کیا جس کا اہتمام پی او سی برانچ کے چیئرمین حاجی محمد منیر ، پی او سی کے صدر امجد امین بوبی نے کیا تھا ۔ دعوت استقبالیہ میں پی ٹی آئی کے رہنما شیخ محمد سلیم، لب ڈیم کے امیدوار سہیل بشیر ایڈووکیٹ ، لب ڈیم کی امیدوار شمراز بیگم، زریں بھٹی ، طارق جان ، تنویر خان، عارف بھٹی ،چوہدری محمد شاہپال، اسرار احمد شاہ، محمد خان ، عامر بھٹی ایڈووکیٹ ، محمد حفیظ و دیگر افراد نے شرکت کی ۔میاں طارق جاوید نے کہا کہ بیرون ملک اوور سیز پاکستانی و کشمیری ہماری تہذیب و ثقافت کے سفیر ہیں جو اپنے خون پسینے کی کمائی سے زرمبادلہ پاکستان بھیجنے میں کردار ادا کر رہے ہیں ۔ انہوں نے پاکستان کو مضبوط و شاہراہ ترقی پر گامزن کرنے کیلئے زرمبادلہ کی اشد ضرورت ہے ، ہمیں آپس میں اتحاد و اتفاق کی پیدا کرنا چاہئے ۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی و کشمیری پاکستان کو خوشحال بنانے کیلئے پاکستان میں سرمایہ کاری کریں، حکومت پاکستان سرمایہ کاری کرنے والوں کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی ۔ میاں طارق جاوید نے کہا پاکستان اوور سیز انٹرنیشنل بیرون ملک اوور سیز پاکستانیز و کشمیریز کے مسائلِ کے حل کیلئے بھر پور کردار ادا کر رہی ہے ، اوورسیز برطانیہ، یورپ، مڈل ایسٹ سمیت جہاں بھی ہو ں ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں ، اوور سیز کمیونٹی کی سیاسی و سفارتی مدد کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں جس میں اسکاٹ لینڈ میں پاکستانیوں کیلئے سفارت خانہ کھولنا بھی شامل ہے تاکہ بیرون ملک آنے والے افراد کو سفارتی و قانونی خدمات میسر ہوں۔ میاں طارق جاوید نے کہا میر پور انٹر نیشنل ائر پورٹ اور میر پور آزاد کشمیر اور جہلم کے درمیان ریلوے لا ئن کشمیریوں کا بنیادی حق ہے ۔کشمیریوں کو بنیادی حقوق دینا حکومت پاکستان کی زمہ داری ہے ، میر پور انٹر نیشنل ائر پورٹ کے قیام سے پاکستان کو زرمبادلہ ملے گا ، ریاست کی تعمیر وترقی اور سیاحت کی آمدن کے فروغ میں اضافہ ہو گا ۔ پاکستان کیلئے ضروری ہے کہ کشمیری عوام میں احساس محرومی ختم کرے۔ میر پور انٹر نیشنل ائر پورٹ کی تعمیر کیلئے حکومت پاکستان نے اربوں روپے فنڈز مختص کئے تھے،20 سال ہو چکے یہ ائر پورٹ تعمیر نہ ہو سکا جو حکومت پاکستان کیلئے سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا اسکردو میں روزانہ کی بنیا د پر پروازیں چلائی جا سکتی ہیں، یہ سہولت لندن تا میر پور آزاد کشمیر کے عوام کو مہیا کرنا حکومت پاکستان کی ذمے داری ہے، دوران خطاب میاں طارق جاوید نے وٹفورڈ کمیونٹی کے رہنماؤں کو یہ یقین دلایا کہ وہ میر پور انٹر نیشنل ائر پورٹ اور ریلوے لائن کا مسئلہ پاکستان جا کر متعلقہ اداروں کے سامنے اٹھائیں گے اور ہر فورم پر آواز بلند کریں گے ۔ دیگر مقررین نے اسی طرح کے خیالات کا اظہار کیا۔ استقبالیہ کےآخر میں حاجی محمد منیر نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔