• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
تعارف
سید اظہر حسنین عابدی ایک ماہر تعلیم اور کیریئر کونسلر ہیں جو تقریباً بیس سال سے زیادہ عرصے سے کونسلنگ کے شعبہ سے منسلک ہیں۔ وہ تعلیم کے موضوع پر ایک سو سے زیادہ قومی و بین الاقوامی سیمینارز میں ملک کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ سید عابدی نے12500سے زیادہ طلبہ کو ان کے بہتر مستقبل کے لئے اندرون ملک اور بیرون ملک مفید مشورے دیئے ہیں۔ ہزاروں بچوں نے ان کے ذریعے بے شمار وظائف حاصل کئے ہیں۔ ان کے ملکی اور غیر ملکی ہائی رینکنگ تعلیمی اداروں سے بھی رابطے میں آپ کو ان کی انہی خدمات کے صلے میں صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان نے تمغہ امتیاز بھی عطا کیا ہے۔
سید عابدی جنگ گروپ کے تعاون سے ہر ہفتے والدین، طالب علم، اساتذہ اور تعلیم کے شعبے سے منسلک افراد کے سوالوں کے جواب دیں گے اور آپ کو اس کالم کے ذریعے تعلیم کے شعبے کے بارے میں مفید مشورے فراہم کریں گےخاص طور پر کیریئر کونسلنگ کے بارے میں۔ بچوں کی بروقت کونسلنگ ان میں نہاں صلاحیتوں اور رجحان کو نہ صرف ابھارتی ہے بلکہ ان کی صلاحیتوں اور رجحان کے مطابق انہیں درست تعلیمی کیریئر کا راستہ بھی دکھاتی ہے۔ یہ کونسلنگ ان والدین کی بھی رہنمائی کرتی ہے جو بچوں کی مخفی صلاحیتوں اور رجحان کو جانے بغیر انہیں اپنی خواہشات کے مطابق تعلیمی کیریئر اختیار کرنے پر مجبور کرتے ہیں۔
سید عابدی ماہر تعلیم اور ایجوکیشن کونسلر اس کالم کے ذریعے آپ کے سوالوں کا جواب دیں گے۔ان سے رابطے کیلئے s.abidi@janggroup.com.pk پر ای میل کریں تاکہ آپ کے بچوں یا تعلیم سے منسلک آپ کے سوالوں کے جواب اور مفید مشورے فراہم کریں۔
س۔سر میں نے میٹرک 2012میں 83%نمبروں سے کیاہے اور اب میں ایف ایس سی(پری انجینئرنگ) پارٹ ون میں ہوںاور میں نے 77%نمبر حاصل کیے ہیں ۔میرا ایف ایس سی پارٹ ۔ٹو ابھی جاری ہے میرا آپ سے یہ سوال ہے کہ میں مکینکل/الیکٹریکل یا پٹرولیم انجینئرنگ میں سے کس مضمون کا انتخاب کروں اور پاکستان کی کس یونیورسٹی سے انجینئرنگ کروں؟ برائے کرم اپنی مفید رائے سے میری راہنمائی کریں(وقار حسین، بہاولپور)
ج۔میرا یہ مشورہ ہے کہ آپ الیکٹریکل اور مکینکل کے کمبینیشن کا انتخاب کریں جو میکاٹرونکس انجینئرنگ ہے پاکستان میں گورنمنٹ اور پرائیوٹ یونیورسٹیاں دونوں ہی یہ ڈگری کرواتی ہیں۔مجھے امید ہے کہ NUSTبھی یہ ڈگری کرواتی ہے آپ مزید تفصیلات اس یونیورسٹی کی ویب سائٹ سے حاصل کر سکتے ہیں۔اگر آپ MATHSمیں اچھے ہیں تو آپ کے لیے فنانس یا اکائونٹس کی فیلڈ میں بہترین مواقع موجود ہیں۔
س۔میں نے ایم بی بی ایس مکمل کیا ہے اور رزلٹ کا انتظار کر رہی ہوںمجھے آپ کا مشورہ چاہئے کہ میں میڈیکل کے شعبے میں رہوں یا سی ایس ایس کروں اور اگرمیڈیکل کے شعبے میں رہوں تو کس فیلڈ میں اسپیشلائزیشن کروں؟ (فاطمہ زہرہ،لاہور)
ج۔تقریباََ چھ سال ایم بی بی ایس میں صرف کرنے کے بعدآپ نے ڈاکٹر بننے کا فیصلہ کیا تومیں اس بات کا بالکل مشورہ نہیں دوںگا کہ آپ اس شعبے کو ترک کریں۔میرا یہ مشورہ ہے کہ آپ ایم بی بی ایس مکمل کرنے کے بعدہائوس جاب کریںاور چند سال اس شعبے میں انسانیت کی خدمت کرنے کے بعدآپ اسپیشلائزیشن کی طرف جائیںاور اگر آپ کو ایسا لگتا ہے کہ آپ خوش نہیںہیں اور موجودہ پروفیشن کی وجہ سے آپ کو کسی اور پروفیشن کی طرف جانا چاہئےتومجھ سے رابطہ کریں مجھے بہت خوشی ہو گی کہ میں آپ کی آگے رہنمائی کر سکوں۔
س۔سر میں نے ماسٹرز Disaster Managementمیں کیا ہے اور اب میں ایم فل کرنا چاہتا ہوںمجھے آپ کا مشورہ چاہئے کہ میںterrorismیا Peace studiesمیں سے کس اسپیشلائزیشن کا انتخاب کروں؟ ( فہد ،کوہاٹ)
ج۔جس ا سپیشلائزیشن اور پروفیشن کا آپ نے انتخاب کیا ہے اس کی بہت مانگ ہے اور اس پر بہت کام ہو رہا ہے۔میرا یہ مشورہ ہے کہ آپ چند سال اسی شعبے میں کام کریں اور اگر آپ کو لگتا ہے کہ اس شعبے میں آپ کی دلچسپی نہیں یا آپ کو آگے بڑھنے کے مواقع میسر نہیں ہورہے تو آپ مجھے ضرور آگاہ کریں تاکہ میں آپ کے متعلقہ شعبے میں آپ کی مزید رہنمائی کر سکوں۔
س۔سر میں نے FAST-NUCESاسلام آباد میں بیچلرز کے لئےاپلائی کیا تھا اور میرا سلیکشن بی ایس(سی ایس) اور بی ایس ای ای میں ہو گیا ہے۔برائے کرم مجھے بتائیں کہ میں بی ایس(سی ایس) اور بی ایس ای ای میں سے کس ڈگری کا انتخاب کروں اور کونسی فیلڈ بہتر ہے؟ (فیصل شہزاد،اسلام آباد )
ج۔کمپیوٹر سائنس میں ڈگری کرنا آپ کی دلچسپی اور وژن پر ہی منحصر ہے اگر کمپیوٹر پر کام کرنا آپ کو اچھا لگتا ہے اس مضمون میں ڈگری کرنا آپ کے لئے بہت بہتر ہے۔اور میرا یہ مشورہ ہے کہ آپ Software Developmentمیں اسپیشلائزیشن کریں۔
تازہ ترین