• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضلعی انتظامیہ کو ہوش نہ آیا، غیر معیاری سلنڈر میں گیس فلنگ جاری

حیدرآباد (بیورو رپورٹ) سانحہ پریٹ آباد کے بعد بھی ضلعی انتظامیہ کو ہوش نہ آیا‘ حیدرآباد میں ناکارہ اور غیر معیاری ایل پی جی سلنڈر کی حامل گاڑیاں سڑکوں پر رواں دواں‘ بسوں‘ کوچز‘ رکشہ‘ موٹر سائیکل اور دیگر گاڑیوں میں ایل پی جی کے سلنڈر نصب ہیں دوسری جانب رہائشی و گنجان آبادیوں میں قائم فلنگ اسٹیشنز پر تاحال غیر معیاری سلنڈر میں گیس کی فلنگ کا عمل جاری ہے جو کسی بھی وقت ایک اور بڑے انسانی المیے کا باعث بن سکتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد میں انتظامی اور دیگر سرکاری اداروں کی نااہلی ایک وطیرہ بنا ہوا ہے جس کی وجہ سے حادثات رونما ہونا معمول بن چکا ہے۔ چند روز قبل پریٹ آباد کے علاقے میں ایک دکان کے اندر گیس سلنڈر دھماکے سے 7 سے زائد افراد اجل کا شکار ہوگئے اور 2 درجن سے زائد شہری جھلس کر زخمی ہوگئے جن میں سے بیشتر کی حالت تاحال خطرے میں ہے جس کے پیش نظر جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔ ضلع انتظامیہ کی جانب سے حادثے کے ایک روز بعد ایل پی جی فلنگ اسٹیشن چلانے والے دکانداروں کے خلاف کارروائی کی گئی اور متعدد دکانیں سیل کرکے بھاری جرمانے عائد کیے مگر ایک بار پھر فلنگ اسٹیشنز چلانے والے دکاندار اپنے کاروبار میں مصروف ہوگئے ہیں‘ سٹی‘ لطیف آباد‘ قاسم آباد اور تحصیل دیہی کے درجنون گنجان اور رہائشی علاقوں میں قائم اسٹیشنز اور دکانوں پر غیر معیاری اور پرانے و ناکارہ سلنڈر میں گیس کی فلنگ کی جارہی ہے دوسری جانب ضلع حیدرآباد کی سڑکوں پر گیس کی حامل بسوں‘ کوچز‘ رکشہ‘ موٹر سائیکل اور دیگر چلنے والی گاڑیوں کے خلاف کسی قسم کا کوئی کریک ڈاؤن شروع نہیں کیا گیا ہے۔