• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹی 20 ورلڈ کپ میں مہم آج شروع، پاکستان کیلئے امریکا کو سبق سکھانے کا نادر موقع

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کا پہلا امتحان جمعرات کو میزبان امریکا کے خلاف میچ سے ہوگا۔ بابر اعظم کی کپتانی میں پاکستانی ٹیم گذشتہ ورلڈ کپ کے فائنل میں انگلینڈ سے میلبورن میں ہاری تھی۔ بابر اعظم کو دوبارہ کپتانی ملنے کے بعد نئے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن اور نئے کوچنگ اسٹاف کے ساتھ نئے چیلنج کا سامنا ہے۔ گذشتہ سال پچاس اوورز کے ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم سیمی فائنل میں کوالی فائی کرنے میں ناکام رہی جس کے بعد بابر اعظم کو کپتانی سے اور پورے کوچنگ اسٹاف کو فارغ کردیا گیا تھا۔ بابر اعظم کا کہنا ہے کہ یہ ایک دلچسپ لیکن انتہائی چیلنجنگ ٹورنامنٹ ہونے جا رہا ہے ۔ ہم ٹیم کے انتخاب میں صورتحال کے مطابق والی پالیسی پر عمل کریں گے، امریکا میں حالات نئے ہیں ۔ کھلاڑی اپنے کردار اور ذمہ داریوں سے آگاہ ہیں۔ یہ امریکہ کے لیے قابل فخر لمحہ اور بڑا موقع ہوگا جب وہ سابق چیمپئن سے کھیلیں گے۔ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کی جیت اور پھر پہلے میچ میں کینیڈا کو شکست دینے کے بعد امریکہ نے ثابت کیا ہے کہ وہ یہاں ہونے کے مستحق ہیں جو خطے میں کرکٹ کے فروغ اور ترقی کے لیے ایک بہترین خبر ہے۔ ہم انہیں عزت دیں گے جس کے وہ مستحق ہیں۔ کپتان بابر اعظم یہی امید کریں گے کہ بحیثیت کپتان ان کے لیے یہ تیسرا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ خوش قسمت ثابت ہو۔ ڈیلس میں میچ کا آغازپاکستانی وقت کے مطابق رات ساڑھے آٹھ بجے ہوگا۔ 9 جون کو نیو یارک میں پاکستان روایتی حریف بھارت کے مدمقابل ہوگا۔ بابراعظم لگاتار تیسرے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کی قیادت کررہے ہیں۔ بابر اعظم 14 سال کے تھے جب یونس خان نے 2009 کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ لارڈز کے تاریخی میدان میں جیتا تھا۔ بابر اعظم ان یادوں کو تازہ کرتے ہوئے کہتے ہیں مجھے 2009 کی فتح اور یونس خان کا پویلین کے سامنے ٹرافی اٹھانا آج بھی یاد ہے۔

اسپورٹس سے مزید