• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
تعارف
سید اظہر حسنین عابدی ایک ماہر تعلیم اور کیریئر کونسلر ہیں جو تقریباً بیس سال سے زیادہ عرصے سے کونسلنگ کے شعبہ سے منسلک ہیں۔ وہ تعلیم کے موضوع پر ایک سو سے زیادہ قومی و بین الاقوامی سیمینارز میں ملک کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ سید عابدی نے12500سے زیادہ طلبہ کو ان کے بہتر مستقبل کے لئے اندرون ملک اور بیرون ملک مفید مشورے دیئے ہیں۔ ہزاروں بچوں نے ان کے ذریعے بے شمار وظائف حاصل کئے ہیں۔ ان کے ملکی اور غیر ملکی ہائی رینکنگ تعلیمی اداروں سے بھی رابطے میں آپ کو ان کی انہی خدمات کے صلے میں صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان نے تمغہ امتیاز بھی عطا کیا ہے۔
سید عابدی جنگ گروپ کے تعاون سے ہر ہفتے والدین، طالب علم، اساتذہ اور تعلیم کے شعبے سے منسلک افراد کے سوالوں کے جواب دیں گے اور آپ کو اس کالم کے ذریعے تعلیم کے شعبے کے بارے میں مفید مشورے فراہم کریں گےخاص طور پر کیریئر کونسلنگ کے بارے میں۔ بچوں کی بروقت کونسلنگ ان میں نہاں صلاحیتوں اور رجحان کو نہ صرف ابھارتی ہے بلکہ ان کی صلاحیتوں اور رجحان کے مطابق انہیں درست تعلیمی کیریئر کا راستہ بھی دکھاتی ہے۔ یہ کونسلنگ ان والدین کی بھی رہنمائی کرتی ہے جو بچوں کی مخفی صلاحیتوں اور رجحان کو جانے بغیر انہیں اپنی خواہشات کے مطابق تعلیمی کیریئر اختیار کرنے پر مجبور کرتے ہیں۔
سید عابدی ماہر تعلیم اور ایجوکیشن کونسلر اس کالم کے ذریعے آپ کے سوالوں کا جواب دیں گے۔ان سے رابطے کیلئے s.abidi@janggroup.com.pk پر ای میل کریں تاکہ آپ کے بچوں یا تعلیم سے منسلک آپ کے سوالوں کے جواب اور مفید مشورے فراہم کریں۔
س۔سر میں بی اے(آنرز) کے دوسرے سال میں پڑھ رہا ہوں میرا میجر سبجیکٹ سوشل ورک ہے لیکن مجھے اس اسپیشلائزیشن کے اسکوپ کا نہیں پتہ۔میں نے اپنے ڈیپارٹمنٹ کے اساتذہ سے بھی پوچھا لیکن مجھے کوئی مناسب تسلی بخش جواب نہیں ملا جس کی وجہ سے میری دلچسپی اس مضمون سے ختم ہوتی جا رہی ہے ۔دراصل میں ماس کام کرنا چاہتا تھا لیکن میرا داخلہ اس ڈیپارٹمنٹ میں ہو گیا اور میں نے اسی مضمون کو پڑھنا شروع کر دیا ۔آپ سے گزارش ہے کہ مجھے مشورہ دیں کہ میں یہ ڈگری چھوڑ کر ماس کام پڑھنا شروع کر دوں یا اسی کو جاری رکھوں؟ میری رہنمائی فرمائیں میں بہت پریشان ہوں۔(جعفر،میانوالی)
ج۔سوشل ورک ایک وسیع مضمون ہے جس پر نیشنل اور انٹرنیشنل لیول دونوں پر کام ہو رہا ہے۔ میرا یہ مشورہ ہے کہ آپ اپنی ڈگری جاری رکھیں اور مزید محنت کریں اور پھر ماسٹرز لیول پر آپ ایک مختلف Top-upکا انتخاب کر سکتے ہیں۔اس پوائنٹ پر آپ مجھ سے رابطہ کریں میں آپ کو مزید بتائوں گا کہ آپ کو کس اسپیشلائزیشن کا انتخاب کرنا چاہئے۔
س۔ سر میں میڈیکل کا اسٹوڈنٹ ہوں اور میں مستقبل میں سی ایس ایس کرنا چاہتا ہوں۔آپ سے گزارش ہے کہ مجھے سی ایس ایس کے بارے میں بتائیں اور مستقبل کے لئے میری رہنمائی کریں(سلمان حسنین۔اوکاڑہ)
جواب۔میرا مشورہ ہے کے میڈیکل کی ڈگری مکمل کرنے کے بعد آپ اپنے ہی پیشے میں اسپیشلائز کریں لیکن اگر آپ اپنے شعبے میں پریکٹس نہیں کرنا چاہتے تو آپ سی ایس ایس کر سکتے ہیں۔ چونکہ یہ ایک مشکل اور محنت طلب مضمون ہے اور اس میں ناکامی کے بعد ڈاکٹری کے پیشے میں واپس جانا تھوڑا مشکل ہو گا۔
س۔ میری بیٹی ایف ایس سی پری میڈیکل کر رہی ہے اور فرسٹ ایئر میں اس کے 72% نمبر ہیں۔میں یہ جاننا چاہتی ہوں کہ وہ بائیو میڈیکل انجینئرنگ میں جائے یا بائیومیڈیسن میں ۔(علیشا۔لاہور)
جواب۔میں آپ کو یہ تجویز کروں گا کہ اپنی بیٹی کو بائیومیڈیسن کا شعبہ اختیار کرائیں کیونکہ اس کی بائیو میڈیکل انجینئرنگ کی شاخیں نسبتاً زیادہ ہیں ۔
س۔سر میں نے اس سال اپنا اے-لیول شروع کیا ہے اور میرے منتخب کئے گئے مضامین میں فزکس،کیمسٹری اور بائیولوجی شامل ہیں لیکن اب میرا ارادہ ہے کہ میں کیمسٹری کا مضمون تبدیل کردوں کیونکہ میں اس مضمون کو سمجھنے سے قاصر ہوں آپ سے گزارش ہے کہ آپ مجھے بتائیں کہ میں کیمسٹری کے علاوہ کون سے مضمون کا انتخاب کروں ۔(عدیم صمد،چترال)
ج۔میرا یہ مشورہ ہے کہ آپ میتھ کا انتخاب کریں کیونکہ اس مضمون کا Combination فزکس اور بائیولوجی کے ساتھ بہترین ہے اور ان مضامین کے مجموعے کی بنا پر آپ کسی بھی بہتر یونیورسٹی میں داخلہ لینے کے اہل ہوتے ہیں اور مستقبل میں آپ کا یہ منتخب کیا ہوا مضمون بہت اہمیت کا حامل ہو گا۔
س۔ سر میں سوفٹ ویئر انجینئرنگ کے شعبے میں جانا چاہتا ہوں۔برائے مہربانی مجھے بتائیں کہ آنے والے وقت میں سوفٹ ویئر انجینئرنگ کا کیا مستقبل ہے۔ مجھے یہ شعبہ اختیار کرنا چاہئے یا نہیں؟ (تقویم ندیم۔ کراچی)
جواب۔ حالیہ اور آنے والے سالوں میں سوفٹ ویئر انجینئرنگ کی بہت مانگ ہے میں آپ کو یہ مشورہ دوں گا کہ بی ایس سی کرنے کے بعد آپ ایم ایس سی میں انٹرنیٹ سیکورٹی میں اسپیشلائز کریں۔
تازہ ترین