• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیمپئنز ٹرافی کیلئے بھارتی ٹیم کے دورہ پاکستان پر قیاس آرائیاں جاری

کراچی(اسٹاف رپورٹر) بھارتی کرکٹ ٹیم فروری میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لئے پاکستان کا دورہ کرے گی یا نہیں اس بارے میں قیاس آرائیاں جاری ہیں اور بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم پاکستان نہیں جائے گی۔ اور ہائبرڈ ماڈل کے تحت چیمپنز ٹرافی کے کچھ میچز دیگر ممالک میں کھیلے جائیں گے اس ماہ کولمبو میں آئی سی سی میٹنگ میں پاکستان اس بارے میں آئی سی سی سے وضاحت مانگے گا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انڈین کرکٹ ٹیم کا چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے دورہ پاکستان کا کوئی امکان نہیں ہے۔اس حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ کے ذرائع نے ایک بھارتی نیوز ایجنسی کو بتایا کہ بھارتی بورڈ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے ہائبرڈ ماڈل کے تحت چیمپئنز ٹرافی کے کچھ میچز دبئی یا سری لنکا میں منعقد کروانے کا کہے گا۔خیال رہے کہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 1996 اور 2008 کے ایشیا کپ کے بعد پاکستان کو ایک عرصے بعد پہلی بار چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی ملی ہے جو 19 فروری سے 19 مارچ تک پاکستان کے تین بڑے شہروں کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں ہونگے۔پاکستان نے سیکورٹی خدشات پربھارت کے تمام میچز لاہورمیں رکھنے کا فیصلہ کیا ہےتاہم، چیمپئنز ٹرافی 2025 میں بھارت کی شمولیت اب بھی سوالیہ نشان ہے، بھارتی کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان کا فیصلہ بھارتی حکومت پر چھوڑا ہوا ہے۔

اسپورٹس سے مزید