• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریک انصاف نے کبھی پاکستان توڑنے کی بات نہیں کی، زین قریشی

کراچی (ٹی وی رپورٹ) پی ٹی آئی کے رہنما زین قریشی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف مقبول ترین جماعت ہے اس پر پابندی نہیں لگائی جاسکتی، پی ٹی آئی کے سینٹرل سیکرٹریٹ پر حملے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے افواج پاکستان کی قربانیوں کو سراہا ہے، تحریک انصاف نے کبھی پاکستان توڑنے کی بات نہیں کی، ملک میں وفاق کی واحد علامت پاکستان تحریک انصاف ہے، نو مئی میں ملوث لوگوں کو کیفر کردار تک پہنچانا چاہئے۔ وہ جیوکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں سابق وفاقی وزیر سینیٹر فیصل واوڈا اور ن لیگ کے رہنما بیرسٹر دانیال چوہدری بھی شریک تھے۔فیصل واوڈا نے کہا کہ مخصوص نشستوں کیس کے فیصلے کے بعد پی ٹی آئی دوبارہ نو مئی کی ڈگر پر چل پڑی ہے، عمران خان ابھی جیل سے باہر نہیں آئیں گے، حکومت کہیں نہیں جارہی نہ ٹیکنو کریٹ حکومت آرہی ہے، عدالتی فیصلے میں مخصوص نشستیں سنی اتحاد کونسل کو دیدی جاتیں تو یہ جھگڑا نہیں ہوتا، آئینی میلٹ ڈاؤن کی باتیں درست نہیں ہیں یہ مسلم لیگ ن کے اندر کی لڑائی ہے۔بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ آئینی میلٹ ڈاؤن نہیں ہے حکومت چلے گی، آئینی میلٹ ڈاؤن کی بات خواجہ آصف کی یہ ذاتی رائے ہوگی، پی ٹی آئی صرف اس لیے بی ایل اے سے الگ ہے کہ یہ انگریزی بولتے ہیں، ہم پی ٹی آئی پر پابندی کی بات نہیں کررہے، ہم اس سوچ کیخلاف ہیں جس کے زیراثر 9مئی کیا گیا۔پی ٹی آئی کے رہنما زین قریشی نے کہا کہ کسی سیاسی جماعت پر پابندی لگانا آسان نہیں ہے، وزیر اطلاعات کی جارحانہ پریس کانفرنس کے بعد حکومتی موقف بتدریج تبدیل ہورہا ہے، تحریک انصاف سب سے بڑی اور مقبول جماعت ہے اس پر پابندی نہیں لگائی جاسکتی، عوام نے عمران خان کے نام پر تحریک انصاف کو تین کروڑ ووٹ دیئے ہیں۔ زین قریشی کا کہنا تھا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس کانفرنس میں کہا کہ سوشل میڈیا کو دہشتگردی کیلئے استعمال کیا جارہا ہے، سوشل میڈیا ایسا پلیٹ فارم ہے جس میں عوام کو اظہار رائے کی آزادی ہے، حکومت کو پسند نہیں کہ کوئی ان کے خلاف رائے دے۔
اہم خبریں سے مزید