• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ای سی انتخابات ، چیئرمین کے امیدوار نے شفافیت پر سوالات اٹھا دئیے

اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے) چیئرمین کے امیدوار انجینئر جاوید سلیم قریشی نے پاکستان انجینئرنگ کونسل کے انتخابات میں الیکشن کی شفافیت پر سوالات اٹھا دئیے ، انہوں نے اپنے نمائندوں کی موجودگی میں چیئرمین کے امیدواروں کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا مطالبہ کر دیا۔ چیئرمین کے امیدوار انجینئر جاوید سلیم قریشی نے کنوینئر الیکشن کمیٹی کو لکھے گئے خط میں کہا کہ پاکستان انجینئرنگ کونسل کے انتخابات برائے سال 2024 تا 2027 کے دوران پاکستان بھر میں پولنگ سٹیشنوں کی جگہ کی تبدیلی ، بائیو میٹرک تصدیق کے بغیر بھی ڈالے گئے ووٹوں اور پولنگ کے دوران بائیو میٹرک تصدیق کے عمل میں تعطل کی انکوائری کرائے جائے اور چیئرمین کے امیدواروں کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کرائی جائے۔ دریں اثنا ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ہم چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل کے انتخابات کو تسلیم نہیں کرتے کیونکہ بائیو میٹرک تصدیق کے بغیر 590 ووٹ کاسٹ کئے گئے ، سندھ سے ہمارے دو پولنگ ایجنٹ تاحال لاپتہ ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کل 155 میں سے 153 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج کے مطابق انہیں 100 ووٹوں کی برتری حاصل تھی، کراچی کے دو پولنگ اسٹیشنوں نے انتخابی نتائج کو تبدیل کیا، جیتنے والے امیدوار نے 390 ووٹوں کی برتری کا دعویٰ کیا ہے۔
اسلام آباد سے مزید