• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


اسلامک سوسائٹی آف نارتھ امریکا (ISNA) کا 61 واں سالانہ کنونشن ڈیلس میں واقع ہوٹل اناٹول کنونشن سینٹر میں شروع ہو چکا ہے جس میں امریکا بھر سے تقریباً 20 ہزار کمیونٹی ارکان کی شرکت متوقع ہے۔

آج کنونشن کے پہلے روز مرکزی صدر اسنا اور دیگر عہدیدارن نے مشترکہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ اس کنونشن میں 150 سے زائد ممتاز مقررین کو خطاب کے لیے مدعو کیا گیا ہے اور راؤنڈ ٹیبل ڈسکشن کے علاوہ بین المذاہب رسیپشن اور دیگر سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ 

500 سے زائد بوتھ کے ذریعے اسنا بازار اور کھیل کود اور تفریحی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جس میں گلوکاروں اور قوالی کے پرگرام بھی منعقد کیے جائیں گے۔

کنونشن کے پہلے روز نمازِ جمعہ کے بعد افتتاحی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں منتخب عہدیداروں اور کمیونٹی لیڈرز نے شرکت کی۔ 

اسلامک سوسائٹی آف نارتھ امریکا (اسنا) مسلمانوں کی سب سے بڑی نمائندہ تنظیم ہے جس کے تحت ہر سال امریکا کی مختلف ریاستوں میں سالانہ کنونشن کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

ڈیلس میں ہونے والا یہ کنونشن اسنا کی 61 سالہ تاریخ میں پہلا کنونشن ہے جو کہ ڈیلس میں منعقد کیا جا رہا ہے، امریکا میں مسلمانوں کا یہ سب سے بڑا اجتماع ہوتا ہے جس میں امریکا کے مسلمانوں کے علاوہ دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد، بین الاقوامی لیڈرز اور وفاقی حکومت کے اعلیٰ عہدے دار شرکت کرتے ہیں۔

پریس کانفرنس کے بعد ’جنگ‘، ’جیو نیوز‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اسنا کے صدر صفا زرزور، کنونشن کے چیئر اظہر عزیز، مجیب قاضی، امریکن آرمی میں تعینات پہلی مسلم چیپلن جبین، رفعت ملک  اور دیگر کا کہنا تھا کہ وائٹ ہاؤس سے لے کر مقامی، ریاستی اور وفاقی سطح کے عہدیدار ISNA کے پروگرام میں شریک ہوں گے۔

اس کنونشن کے انعقاد کا مقصد مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کو امن اور بھلائی کے عنوان سے متحد کرنا ہے جبکہ نارتھ امریکا میں مسلم کمیونٹی کو درپیش مسائل سمیت مسلمانوں کو بین الاقوامی طور پر مسائل کے حل کے لیے امریکی عہدیداران پر دباؤ ڈالا جائے گا جس میں فلسطین کشمیر اور سوڈان سمیت دیگر ممالک شامل ہیں۔

اِسنا کے صدر صفا ذرزور نے اپنے افتتاحی خطاب میں کہا کہ سماج کے مختلف مذاہب کے ماننے والوں کے لیے کنونشن ایک بہتر پلیٹ فارم ہے۔ 

اُنہوں نے کہا کہ یہ صرف مسلمانوں کا ایونٹ نہیں بلکہ امریکا کا ایونٹ ہے، مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد، ان کے خاندانوں، تاجرین اور رضاکارانہ تنظیموں کے لیے بہتر نمائندگی کا عین ذریعہ ہے، سماج کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور سماجی تبدیلی کے لیے مذاہب کا اہم ہوتا ہے، ’اِسنا‘ نارتھ امریکا میں مسلمانوں کی سب سے بڑی اور قدیمی تنظیم ہے جو کہ 1963ء سے امریکا میں قائم ہے اور مسلمانوں کی فلاح بہبود کے لیے سرگرم عمل ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید