• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سوات، غیرملکی سفارتکاروں کے قافلے کے آگے جانیوالی پولیس وین پر بم حملہ، اہلکار شہید، 4 زخمی

سوات/اسلام آباد/ لاہور (ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز رپورٹر)خیبر پختونخوا کے ضلع سوات میں غیر ملکی سفارتکار دہشتگردوں کے نشانے پر آگئے،قافلے کے آگے جانیوالی پولیس وین پربم حملہ کیا گیا ، ایک اہلکار شہید، 4زخمی ہوگئے، سفارتکار تفریحی دورے پر تھے،روس،ایران، انڈونیشیا، پرتگال، قازقستان، بوسنیا، زمبابوے، روانڈا، ترکمانستان، ویتنام، تاجکستان کے سفرا اوراتاشی شامل تھے،اسلام آباد چیمبر آف کامرس کا وفد بھی ہمراہ تھا، سفارت کارمحفوظ رہے،دفتر خارجہ پاکستان کےمطابق تمام سفارتکاروں کو واپس اسلام آباد پہنچا دیا گیا، واقعہ کی تحقیقات شروع کردی گئی ۔ڈی پی او سوات کے مطابق 11ممالک کے سفیر مالم جبہ جا رہے تھے،واقعہ میں سب انسپکٹر سمیت 4پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔پولیس کے مطابق تمام سفیر چیمبرآف کامرس مینگورہ کی تقریب میں شرکت کے بعد مالم جبہ جارہے تھے۔ دہشت گردی کی یہ کارروائی مالم جبہ روڈ پر جہان آباد کے قریب کی گئی ، جس سے اہلکار برہان خان شہید ہو گیا جبکہ4 پولیس اہلکار سب انسپکٹر سرزمین، کانسٹیبل امان اللہ اور کانسٹیبل حبیب گل اور ایک نا معلوم شدید زخمی ہو گئے۔واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی جنہوں نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے کرسرچ آپریشن شروع کردیا۔پولیس کا مزید کہنا تھا کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے، واقعہ کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کررہے ہیں۔ صدر آصف زرداری نے ضلع سوات کے علاقے مالم جبہ میں پولیس موبائل پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔وزیر اعظم شہباز شریف نے دہشت گردی کے اس واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا کہ دہشت گردی کے عفریت کو جڑسے اکھاڑ پھینکنے کا عزم کر رکھا ہے۔

اہم خبریں سے مزید