لاہور(آصف محمود بٹ ) برطانوی تجارتی کمشنر برائے مشرقِ وسطیٰ و پاکستان اور عرب امارات میں برطانوی قونصل جنرل اولیور کرسچن تین روزہ دورے پرپاکستان پہنچ گئے۔برطانوی ٹریڈ کمشنر کا یہ دورہ پاکستان کیساتھ برطانیہ کے معاشی اورتجارتی روابط کو مضبوط کرنے کیلئے اہم کاوش کا پہلا قدم ہے۔اپنے دورہ میں برطانوی ٹریڈ کمشنر اولیور کرسچن پاکستان اور برطانیہ کے مابین نمایاں نئی شراکت داریوں کا اعلان کرینگے، جن میں بیکن ہاؤس انٹرنیشنل کالج اور یونیورسٹی آف ایسیکس کے درمیان سٹرٹیجک ٹرانس نیشنل ایجوکیشن کا معاہدہ اور برطانیہ کی امپیریل ہیلتھ کیئر نیشنل ہیلتھ سروسز ٹرسٹ اور اسلام آباد میں نوواکیئر ہسپتال کے درمیان کام میں باہمی معاونت شامل ہیں۔ یہ معاہدے پاکستان کے تعلیمی اور حفظان صحت کے شعبوں میں برطانیہ کی سرمایہ کاری کو مزید گہرا بنانے کیلئے ایک نیا آغاز ثابت ہوں گے۔ یونیورسٹی آف ایسیکس پارٹنرشپ کا ہدف پاکستانی طلبہ کو عالمی سطح کی تعلیم تک رسائی دینا ہے، جبکہ نوواکیئر منصوبہ پاکستان میں حفظان صحت کی سہولیات اور خدمات میں ایک نیا معیار قائم کریگا۔برطانوی تجارتی کمشنر برائے مشرقِ وسطیٰ و پاکستان، اولیور کرسچن نے کہا ہے کہ برطانوی فرمز ناصرف پاکستان میں اپنا کام کر رہی ہیں، بلکہ وہ اپنے متعلقہ شعبہجات کی منڈیوں میں صف اول پر ہیں، جن پر لاکھوں صارفین اپنے گھر بار میں لیے جانے والے ناموں کے طور پر بھروسہ کرتے ہیں اور وہ معیشت میں نمایاں حصہ ڈال رہی ہیں۔