• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب پولیس کمپلینٹ اتھارٹی کے انتخاب کیلئے کمیٹی قائم

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

محکمۂ داخلہ پنجاب کی جانب سے پولیس کمپلینٹ اتھارٹی ممبران کے انتخاب کا معیار طے کرنے کے لیے کمیٹی قائم کر دی گئی۔

وزیرِ قانون پنجاب کمیٹی کے سربراہ، سیکریٹری داخلہ انتظامی سیکریٹری ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی میں چیف سیکریٹری، سیکریٹری قانون،  آئی جی، ایڈووکیٹ جنرل اور ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ بھی شامل ہیں۔

کمیٹی پولیس کمپلینٹ اتھارٹی کے لیے ممبران کے انتخاب کا معیار طے کرے گی، پولیس کمپلینٹ اتھارٹی سے پولیس کے خلاف عوامی شکایات کا ازالہ ہو سکے گا، پولیس آرڈر 2002ء کے تحت پولیس کمپلینٹ اتھارٹی کا قیام لازم ہے۔

پولیس کمپلینٹ اتھارٹی میں ایک چیئرپرسن اور 6 ممبران ہوں گے، صوبائی سطح پر اتھارٹی بنانے کے بعد اضلاع کی سطح پر بھی بنائی جائیں گی، گورنر اتھارٹی کا چیئرمین تعینات کریں گے جبکہ ممبران پبلک سروس کمیشن منتخب کرے گا۔

وزیرِ قانون پنجاب کی سربراہی میں رواں ہفتے کمیٹی کا پہلا اجلاس منعقد ہوگا۔

یاد رہے کہ پولیس کمپلینٹس اتھارٹی لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس امجد رفیق کی ہدایت پر قائم کی گئی ہے۔

گزشتہ سال جولائی میں عدالت نے اتھارٹی کے قیام کو ضروری قرار دیتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا تھا۔

عدالت کا کہنا تھا کہ پولیس آرڈر 2002ء کو رائج ہوئے 21 برس ہو گئے ہیں لیکن ابھی پولیس کمپلینٹس اتھارٹی بنانے کے لیے کوشش نہیں کی گئی۔

قومی خبریں سے مزید