• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سالانہ ایک لاکھ 20 ہزار بچوں کو 12 بیماریوں کی ویکسین دی جاتی ہے، سیکرٹری صحت

پشاور (خصوصی نامہ نگار)؛مشیر صحت احتشام علی کو توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات (ای پی آئی) بارے بریفنگ دی گئی جس میں سیکرٹری صحت عدیل شاہ، ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر محمد سلیم، ڈائریکٹر ای پی آئی ڈاکٹر عارف و دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر ای پی آئی ڈاکٹر عارف نے مشیر صحت کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سالانہ ایک لاکھ 20 ہزار بچوں کو ویکسین کے ذریعے قابل تدارک 12 بیماریوں سے بچانے کیلئے ویکسین دی جاتی ہے اتنی ہی تعداد میں حاملہ خواتین کی ٹیٹنس کے خلاف ویکسینیشن کی جاتی ہے۔ ان اقدامات سے نوزائیدہ بچوں کی اموات میں 17 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ ویکسینیٹرز کی اوسط حاضری 89 فیصد پر پہنچ گئی ہے، پی او ایل کی فراہمی سے ویکسینیٹرز کی حاضری میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے۔ مئی کے مہینے سے آوٹ ریچ ویکسینیشن مہم کے انعقاد میں مسلسل بہتری آ رہی ہے۔ مشیر صحت کو بتایا گیا کہ توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات میں پی او ایل کیلئے رواں مالی سال میں 237 ملین روپے رکھے گئے ہیں جس میں اب تک 9 ملین جاری کئے گئے ہیں۔ پشاور کے دیہی و دور افتادہ علاقوں میں شام اور ہفتہ واتوار کو مسنگ اور زیرو ڈوز بچوں کو کور کرنے کیلئے انٹی گریٹڈ آوٹ ریچ پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے جس میں گاڑی کے ذریعے ان علاقوں میں ویکسینیشن کی جاتی ہے جس میں انٹی نیٹل چیک اپ کیلئے ایل ایچ وی، ویکسینیٹر اور سوشل موبلائزر پر مشتمل محکمہ صحت کی پوری ٹیم موجود ہوتی ہے۔ ویکسینیشن کو مزید بہتر بنانے کیلئے ہفتے کے سات روز 24 گھنٹے فعال ویکسین ہاؤسز 24 اضلاع میں بنائے گئے ہیں جن سے ویکسینیشن میں کافی بہتری آئی ہے۔ یکم اکتوبر سے بگ کیچ اپ کا دوسرا راونڈ شروع ہوگا جس میں کورونا کے دوران ویکسین سے رہ جانے والے تین لاکھ ان بچوں کو ویکسین دی جائے گی جن کی عمر زیادہ ہے۔
پشاور سے مزید