• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی آئی سی سپر سیچوریٹیڈ آکسیجن سے دل کاعلاج کرنیوالا جنوبی ایشیا کا پہلا ادارہ بن گیا

پشاور (خصوصی نامہ نگار) پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی نے اہم کامیابی سمیٹ کر پاکستان کیلئے ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا۔پی آئی سی ترجمان رفعت انجم کے مطابق پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں امراض قلب کے مریضوں کیلئے جدید اور بین الاقوامی طریقہ علاج تھیراکس ڈیوائس سے سپر سیچوریٹیڈ آکسیجن کا کامیاب پروسیجر کیا گیا جو مریض کو دل کا دورہ پڑنے کے بعد دل کے بروقت علاج اور اس کو مزید نقصان سے بچانے کے لئے مددگار ثابت ہوگا۔ترجمان کے مطابق پی آئی سی سپر سیچوریٹیڈ آکسیجن طریقے سے دل کاعلاج کرنے والا جنوبی ایشیا کا پہلا ادارہ بن گیا اس طریقہ علاج کے تحت پی آئی سی میں تین روز میں پانچ کامیاب آپریشن کیے گئے ہیں جن میں تین مرد اور دو خواتین شامل ہیں۔ پی آئی سی کارڈیالوجی شعبے کے سربراہ اور ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر عابداللہ کے مطابق متاثرہ مریض کو دل کا دورہ پڑنے کے بعد اس طریقہ علاج کو استعمال کیا جاتا ہے ۔سپر سیچوریٹیڈ آکسیجن میں تھیراکس مشین کے ذریعے مریض کے دل کی چھوٹی شریانو کو ہائی مقدار میں آکسیجن فراہم کی جاتی ہے ۔کامیاب پروسیجر ٹیم میں شامل کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر علی رضا نے کہا کہ ہارٹ اٹیک سے دل کے کمزور ہونے کا خطرہ موجود ہوتا ہے،اس طریقہ علاج سے امید ہے کہ دل کی صحت اور دل کے پھٹوں کی کمزوری کا خطرہ کم کیا جا سکے گا۔ڈاکٹر علی نے کہا کہ ایس ایس او ٹو طریقہ علاج ترقی یافتہ ممالک میں باقاعدگی سے استعمال کیا جاتا ہے اب ہماری ٹیم نے اس کو خیبر پختونخوا میں ممکن بنایا۔ ڈاکٹر عابداللہ نے ہسپتال کی تمام ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی سی کی ٹیم قابل فخر ہے جو ہر قسم کے انٹرنیشنل طریقہ علاج کو متعارف کرانے کی قابل ہے انہوں نے کہا کہ پی آئی سی بہت کم عرصے میں پاکستان اور خیبر پختونخوا کے لئےباعث فخر ادارہ بن چکا ہے،عوام ،ملک اور صوبے کی ترقی کے لئے خدمات ایسی ہی جاری رہیں گی۔
پشاور سے مزید