• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لبنان میں جنگ کسی کے حق میں نہیں، 7 اکتوبر حملے کے بعد اسرائیل کو جنگ کا حق ہے، ا امریکی صدر

کراچی (نیوز ڈیسک) امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ لبنان میں جنگ کسی کے مفاد میں نہیں ، 7اکتوبر حملے کے بعد اسرائیل کو جنگ کا حق ہے، پیوٹن جنگ میں اپنے عزائم میں ناکام ہوچکے، وہ یوکرین کو تباہ کرنا چاہتے تھے تاہم یوکرین اب بھی آزاد ہے، چین کیساتھ مسابقت کو تنازع میں تبدیل نہیں کرنا چاہتے، آرٹیفشل انٹیلی جنس نے ہمارے طرز زندگی اور جنگوں کا طریقہ کار بھی تبدیل کردیا ہے، عالمی رہنمائوں کو اے آئی کے اثرات پر نظر رکھنا ہوگی، گرین ہائوسز کے خاتمے، ہتھیاروں کی غیر قانونی ترسیل کو روکنے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر جو بائیڈن نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی ملک کو حق ہے وہ یقینی بنائے کہ اس پر دوبارہ حملہ نہ ہو۔ دنیا 7اکتوبر کے حملوں کو نظر انداز نہیں کرسکتی۔ لبنان اسرائیل تنازع کا سفارتی حل اب بھی ممکن ہے، خطے کو لپیٹ میں لینے والی جنگ کو روکنے کے لئے پرعزم ہوں۔ 79ویں اجلاس سے خطاب میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ یہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے میرا چوتھا اور آخری خطاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو اس وقت بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے، دنیا میں بہت سے لوگ مشکلات کو دیکھ رہے ہیں، میں سمجھتا ہوں مشکلات سے نکلنے کا راستہ ہوتا ہے۔ جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ میں نے بطور صدر افغان جنگ ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں شہری اور یرغمالی ہولناک لمحات سے گزر رہے ہیں، غزہ میں جنگ بندی اور قیدیوں کی گھر واپسی کی ڈیل کا وقت آگیا ہے۔

دنیا بھر سے سے مزید