• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امن و بھائی چارےکے فروغ کے قیام کا عزم رکھتے ہیں ،داؤد آغا

کو ئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کی صوبائی ایگزیکٹیو ممبر داؤد آغا اور علمدار یونٹ کے ارکان و عہدید داروں نے کہا ہے کہ کوئٹہ شہر مختلف زبان بولنے والی اقوام کا خوبصورت گلدستہ ہے جہاں بسنے والی تمام اقوام پیار محبت، رواداری اور بھائی چارےکے ساتھ رہتے چلے آ رہے ہیں، ایک دوسرے کے اقدار و عقائد اور قبائلی رسوم و روایات کو قدر کی نگاہ سے دیکھنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل رہی ہیں اور آپس میں رشتہ داریاں اور دہائیوں پر مشتمل بالخصوص کاروباری لین دین میں ایک دوسرے پر اعتماد ہمارا شیوہ رہا ہے،لیکن جیسا کہ ہم جانتے ہیں کہ ہر سماج یا قبیلہ میں ایسے ناسوروں کی بھی کمی نہیں جو ان پاکیزہ رشتوں کا شیرازہ بکھیرنے میں ہمہ وقت کمربستہ رہتے ہیں۔ ان کا مقصدآپس میں دوریاں پیدا کرنا ہوتا ہے، ایسے ہی کچھ ناقابل بیان واقعات مری آباد میں ہمارے برادر اقوام بلوچ و پشتون کے ساتھ بھی پیش آئے، جہاں محنت مزدوری کی غرض سے یا ڈیم پر سیر و تفریح یا کاروباری لین دین کے لئے آنے والے بھائیوں کو انہی شرپسند عناصر کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ ایسے شرپسند عناصر جس بھی قبیلہ یا سماج میں ہوں، ان کا قلع قمع کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ تاکہ اس شہر میں دہائیوں سے قائم ایک دوسرے کے لئے احترام، پیار و محبت کے جذبے اور رواداریوں کے رشتے کو برقرار رکھا جا سکے، ملک عاصم، زمان خان، اسحاق علی، بابو مشتاق اور منظور حسین نے برادر اقوام سے ان واقعات پر معذرت کرکے ایسے غیرانسانی، غیراخلاقی اور نفرت انگیز واقعات کی مذمت کی اور کہا کہ امن و بھائی چارےکے فروغ کے قیام کا عزم رکھتے ہیں ۔
کوئٹہ سے مزید