• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تیز رفتار ڈمپر مسافر گاڑی پر الٹنے سے خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق، 3 زخمی

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) واہ کینٹ میں جی ٹی روڈ پر خاکے سے بھرا ڈمپر تیز رفتاری کےباعث سڑک کنارے کھڑی مسافر گاڑی پر الٹنے سے ایک خاتون سمیت چار افراد جاں بحق اور تین شدید زخمی ہوگئے۔ ترجمان ریسکیو 1122کے مطابق واقعہ بیرئیر نمبر 2واہ کینٹ کے سامنے بدھ کی صبح پیش آیا ۔ریسکیو ٹیموں نے گاڑی میں پھنسے افراد کو باہر نکال کر ہسپتال منتقل کیا۔پولیس کے مطابق واقعہ میں مسافر وین میں سوار چاروں سواریاں جاں بحق اور دوزخمی ہوگئیں جب کہ ایک رکشہ ڈرائیور بھی ڈمپر کی زدمیں آکر زخمی ہوا۔ وین کا ڈرائیور اور کنڈیکٹر محفوظ رہے۔پولیس کاکہنا ہے کہ مسافر وین سڑک کنارے کھڑی کرکے سواریوں کا انتظار کیا جارہا تھا کہ تیزرفتار ڈمپر ایک رکشے کو بچاتاہواہائی ایس گاڑی پر آگرا۔تھانہ صدرواہ میں ڈمپر کے ڈرائیور اور مالک کے خلاف قتل بالسببب اوردیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیاگیا۔ ایف آئی آر درج کرواتے ہوئے دولتانہ ولد میرزمان نے تھانہ صدرواہ کو بتایاکہ25 ستمبر کو میرے24 سالہ بیٹے حامد دولتانہ کے ایکسیڈنٹ کی اطلاع موصول ہوئی۔میں تحصیل ہیڈکوارٹرزہسپتال ٹیکسلاپہنچا ،میرابیٹا مردہ حالت میں مارچری میں پڑاتھا۔اس کے علاوہ دانیال ولد محمد اکرم ،فیروزجان زوجہ ظہورحسین ،انعام اللہ خان بھی مردہ حالت میں پڑے ہوئے تھے ۔ڈمپر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔
اسلام آباد سے مزید