• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وی سیز کا تقرر، پنجاب کے گورنر سے وزیر تعلیم کے اہم سوالات

لاہور(نمائندہ جنگ)وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے پنجاب کی جامعات میں وائس چانسلرز کی تعیناتیوں پر اعتراض کے معاملہ پر گورنر پنجاب سے اہم سوالات کر دئیے۔ وزیر تعلیم نے سوال اٹھایا کہ گورنر پنجاب نے کیوں 4ماہ میں مستقل وائس چانسلرز لگانے کی بات نہیں کی؟ کیوں کبھی یونیورسٹیوں کی اصلاحات کی بات نہیں کی؟ ایکٹنگ وائس چانسلرز نے یونیورسٹیوں کو کیوں مستحکم نہیں کیا، گورنر نے کیوں نہیں پوچھا؟ وزیر تعلیم نے سوال اٹھایا کہ گذشتہ 4ماہ میں گورنر پنجاب نے کیوں ایکٹنگ وائس چانسلرز کی کارکردگی کو نہیں جانچا اور بطور چانسلر یونیورسٹیوں کا پرفارمنس آڈٹ کیوں نہیں کیا؟ وزیر تعلیم نے استفسار کیا کہ یونیورسٹیاں خسارے میں کیوں ہیں، گورنر پنجاب نے اس پر کبھی کیوں نہیں سوچا؟ رانا سکندر حیات نے کہا کہ گورنر کو اس پر اعتراض کیوں نہیں کہ ایکٹنگ چارج والے وی سیز ایسا کیا کرتے رہے کہ بڑی بڑی یونیورسٹیاں خسارے میں چلی گئیں؟۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ تمام وائس چانسلرز کو ان کی سابقہ پرفارمنس مدنظر رکھ کر ہی منتخب کیا۔ 2 سال بعد صوبے کو مستقل وائس چانسلر میسر آرہے ہیں اور صوبے کی یونیورسٹیاں مستحکم ہونے لگی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کئی ہفتوں کی ایکسرسائز کے بعد وائس چانسلرز کا انتخاب کیا گیا ہے۔
اہم خبریں سے مزید