• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زندگی سیرت طیبہ ؐ کے مطابق گزارنے سے دنیا و آخرت سنورسکتی ہے، علمائے کرام، برسلز میں میلاد کانفرنس

برسلز (حافظ اُنیب راشد) ربیع الاول کے بابرکت مہینے کی مناسبت سے پاکستان اسلامک سنٹر برسلز بلجیم میں سالانہ عظیم الشان سیرت خاتم النبین ﷺ کانفرنس کا انعقاد ہوا۔ امام و خطیب مسجد ہذا مولانا انور ربانی کی زیر سرپرستی منعقد ہونے والی اس کانفرنس میں لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس کانفرنس کی اہم بات یہ تھی کہ اس میں مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام نے شرکت کر کے اتحاد بین المسلمین کا عملی اور قابل تحسین مظاہرہ کیا جس سے عوام الناس میں خوشی و اطمینان کی لہر دوڑ گئی۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض انٹورپن سے تعلق رکھنے والی معروف مذہبی شخصیت چوہدری خلیل نے ادا کیے جبکہ مقامی مسجد کے طلبا نے تلاوت کلام پاک اور ہدیہ نعت پیش کیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسجد العابدین برسلز کے امام و خطیب مولانا قاری انصر، جامعہ اسلامیہ برسلز کے امام و خطیب مولانا عامر رزاق، جامعہ نور برسلز کے امام و خطیب مولانا عبداللطیف چشتی، اسلامک سنٹر برسلز کے امام مولانا عدنان فیروز اور مولانا انور ربانی نے مسلمانوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم اپنی زندگیاں سیرت طیبہ کے مطابق اور اطاعت رسولﷺ میں گزارنے کی کوشش کریں تاکہ ان مذہبی تقریبات اور کانفرنسز کے مقاصد پورے ہو سکیں اور ہم اپنی دنیا اور آخرت سنوار سکیں۔ اس موقع پر علمائے کرام نے اتقاق و اتحاد کو وقت کا تقاضا اور ضرورت قرار دیتے ہوئے آئندہ بھی مشترکہ پروگراموں کے انعقاد کیلئے اپنے عزم کا اظہار کیا۔ کانفرنس کے اختتام پر اسلامک سنٹر برسلز کے مرکزی منتظم خالد محمود اور حاجی وسیم اختر نے تمام علمائے کرام اور دیگر مساجد کی انتظامیہ کے ذمہ داران عبدالقیوم، حاجی پرویز کا فرداً فرداً شکریہ ادا کرتے ہوئے آئندہ بھی اکٹھے چلنے کا عہد کیا۔ آخر میں مولانا مدثر خلیل نے امت مسلمہ کے اتفاق و اتحاد کیلئے خصوصی دعا کروائی۔

یورپ سے سے مزید