• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیمرا سے سروگیٹ بیٹنگ کمپنیوں کیخلاف کارروائی کیلئے کہا ہے، عطاء تارڑ

اسلام آباد (قاسم عباسی) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے جمعرات کو کہا کہ حکومت نے پیمرا سے دوبارہ سر اُٹھانے والی سروگیٹ بیٹنگ کمپنیوں کیخلاف سخت کارروائی کیلئے کہا ہے۔ وہ دی نیوز کے سوال کا جواب دے رہے تھے کہ سروگیٹ بیٹنگ کمپنیاں دوبارہ سامنے آ رہی ہیں حالانکہ وزارت اطلاعات نے گزشتہ سال انہیں بند کرانے کیلئے اقدامات کیے تھے۔ عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ ٹی وی چینلز اور اخبارات میں سٹے بازی کے اشتہارات نہیں دیے جا رہے۔ عطا تارڑ نے کہا کہ وہ پاکستان واپس آتے ہی تمام ایپس کو بلاک کرانے کیلئے فوری اقدامات کریں گے۔ ملک میں 150؍ سے زائد بیٹنگ کمپنیاں سرگرم ہیں ہیں اور گزشتہ سال انوار الحق کاکڑ کی نگراں حکومت کے کریک ڈاؤن کے باوجود کام کر رہی ہیں۔ نگراں حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ یہ کمپنیاں ملک میں جوئے اور سٹے بازی کو معمول بنانے کیلئے سرگرم ہیں اور ٹیکس کے بغیر بھاری رقم بیرون ملک (ڈالر میں) ’’دشمن‘‘ ممالک کو منتقل کر کے ملکی معیشت کو مزید بحران کی طرف لے جا رہی ہیں۔
اہم خبریں سے مزید