• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قبائلی تنازعات کے خاتمے کیلئے سب ملکر کردار ادا کریں ،بلوچستان امن جرگہ

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان امن جرگہ کے سربراہ لالہ یوسف خلجی نے کہا ہے کہ صوبے میں بھائی چارے ، امن و امان کے قیام اور قبائلی دشمنیوں کے خاتمے کیلئے علماء اور دیگر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کو اپنا کردارادا کرنا ہوگا ۔ یہ بات انہوں نے جمعیت علماء اسلام (نظریاتی) کے صوبائی امیر مولانا عبدالقادر لونی ، قاری مہر اللہ ، حیات کاکڑ ، مولانا رحمت اللہ حقانی اور دیگر کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے کے موقع پر بات چیت میں کہی ۔ لالہ یوسف خلجی نے کہا کہ بلوچستان میں قبائلی دشمنوں کے باعث نوجوان تعلیم حاصل کرنے کی بجائے ہاتھوں میں کلاشنکوف لئے پھرتے ہیں ، قبائلی دشمنیوں کی وجہ سے صوبے کو جتنا نقصان پہنچا ہے اسے الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان امن جرگہ نے صوبے میں قبائلی دشمنیوں کے خاتمے اور امن و بھائی چارے کے فروغ کیلئے شروع دن سے جدوجہد کی ہے اور اب تک درجنوں قبائلی تنازعات کا پرامن تصفیہ کراکے قبائل کو آپس میں شیروشکر کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ علماء اور دیگر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد صوبے سے قبائلی تنازعات کے خاتمے کیلئے ملکر اپنا کردار ادا کریں ، بلوچستان ہم سب کا مشترکہ گھر ہے جس کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہمیں لیکر جدوجہد کرنا ہوگی ۔ اس موقع پر جمعیت نظریاتی کے صوبائی امیر مولانا عبدالقادر لونی نے بلوچستان امن جرگہ کے سربراہ لالہ یوسف خلجی کو ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔
کوئٹہ سے مزید