• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سن کوٹہ پر عملدرآمد کیلئے عدالت نے درخواست منظور کر لی، سیکرٹریٹ اسٹاف

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان سول سیکرٹریٹ اسٹاف ایسوسی ایشن چاند پینل کے رہنماؤں میر دلاور خان ، نذیر احمد سرپرہ ، عزیز الرحمٰن شیخ ، دولت خان نورزئی اور دیگر نے کہا ہے کہ چاند پینل نے ریٹائرڈ ملازمین کے بچوں کے لئے سن کوٹہ پر ملازمت کے حصول کیلئے عدالت میں درخواست دائر کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے حکومت کو نوٹسز جاری کردیئے ، یہ بات انہوں نے بدھ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے فوت شدہ ملازمین کے لواحقین و ریٹائر ملازمین کے بچوں میں سے ایک کی بھرتی کا سلسلہ چلا آرہا تھا 2013 میں عدالت عالیہ بلوچستان کے احکامات کی روشنی میں حکومت بلوچستان نے دونوں قوانین معطل کرکے فوت شدہ اور ریٹائرڈ ملازمین کے کوٹہ پر بھرتیوں کا سلسلہ ختم کردیا تھا ۔ سول سیکرٹریٹ کے دوستوں اور مختلف ٹریڈ یونیز نے معاملے کو سپریم کورٹ آف پاکستان میں چیلنج کیا اور ایک طویل جدوجہد کے بعد سپریم کورٹ آف پاکستان نے دونوں قوانین کی بحالی کے احکامات جاری کیے لیکن صوبائی کابینہ نے فوت شدہ ملازمین کے لواحقین کو گریڈ 1 تا 15 کی خالی اسامیوں پر بھرتی کی منظوری دی تاہم ریٹائر ملازمین کے بیٹا یا بیٹی میں سےکسی ایک کو بھرتی کرنےکو ختم کر دیا،چاند پینل نےایک بار پھر اپنا کردار ادا کرتے ہوئے مذکورہ معاملے پرعدالت میں درخواست دائر کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے حکومتی نمائندوں کو نوٹسز جاری کرکے طلب کیا ہے جوصوبہ بھر کے تمام ملازمین کی کامیابی ہے۔
کوئٹہ سے مزید