• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلسطین اور کشمیر کی آزادی کے بغیر ہمارامشن نامکمل ہے، عالمی برادری قتل عام روکے، ن لیگ ہالینڈ

دی ہیگ (نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ ن اوورسیز ہالینڈ کا اجلاس زیر صدارت پیر سید طاہر اقرار شاہ منعقد ہوا، اجلاس میں صدر چوہدری پرویز علی سندیلہ، سینئر نائب صدر جاوید بٹ پیارے، محمد خورشید مغل، محمد یونس بٹ، چوہدری محمد سعید، چودری شاہد مقصود، جنرل سیکرٹری چوہدری فیصل منظور، محمد جاوید اقبال کھوکھر، عبدالباسط خان، حاجی عبدالقیوم، محسن وارث، سید عامر علی، سید رضوان احمد، کشمیر پیس فورم ہالینڈ کے جنرل سیکرٹری راجہ فاروق حیدر سمیت بڑی تعداد میں مرکزی عہدیداران و کارکنوں مسلم لیگ نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل چوہدری فیصل منظور نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر کی آزادی کے بغیر ہمارا مشن نامکمل اور ہم ادھورے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینوں کی نسل کشی پر عالمی خاموشی خطرناک ہے، اسرائیلی جارحیت اور معصوم بچوں کو شہید کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ فلسطین کے بعد اب لبنانی مسلمانوں کا قتل عام بھی کھلی دہشت گردی ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ ظالموں کاہاتھ روکنے والا کوئی نہیں رہا۔ جب تک عدل و انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہوتے اور ظالم اور مظلوم کے درمیان فرق واضح نہیں ہوتا اس وقت تک امن قائم نہیں ہوسکتا۔ اسرائیل نے تمام تر عالمی قوانین کی دھجیاں اڑادی ہیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری اطلاعات محمد جاوید اقبال کھوکھر نے کہا کہ مغربی قوتیں مسلسل اسرائیل کا ساتھ دے رہی ہیں جو کہ کسی طرح درست نہیں ہے۔ کشمیر، فلسطین کے بعد اب لبنان میں بھی مسلمانوں کے خون کی ہولی کھیلی جارہی ہے، عالمی آقاؤں کی پشت پناہی پر اسرائیلی بربریت پر امت مسلمہ کی خاموشی بھی خطرناک ہے۔ محمد جاوید اقبال کھوکھر نے مزید کہا کہ فلسطین اورکشمیری شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ قتل عام پر مسلم امہ مشترکہ لائحہ عمل اپنائے۔ انہوں نے اقوام عالم اور مسلمان برادری سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کوجارحیت سے روکا جائے، بمباری پر عالمی خاموشی شرمناک فعل ہے۔ کشمیر پیس فورم ہالینڈ کے جنرل سیکرٹری راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے جب تک مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کو آزادی نہیں ملتی ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ کشمیری بہن بھائیوں پر بھارت ظلم و ستم کر رہا ہے ہزاروں کی تعداد میں کشمیری نوجوان مسلمان شہید ہو چکے ہیں اخر کب تک عالمی طاقتیں یہ ظلم دیکھتی رہے گی۔

یورپ سے سے مزید