• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
س۔ ایجوکیشن کونسلنگ کے حوالے سے مجھے آپ کی رہنمائی چاہئے۔ میں نے بی ایس سی آئی ٹی کیا ہے اور آئی ٹی کے شعبے میں نیٹ ورک سپورٹ انجینئر کی حیثیت سے کام کر رہا ہوں، میں آگے ماسٹرز کرنا چاہتا ہوں تاکہ آئی ٹی کے شعبے میں آگے بڑھ سکوں۔ آپ سے گزارش ہے کہ مجھے بتائیں کہ مجھے کونسی اسپیشلائزیشن کا انتخاب کرنا چاہئے جس سے مجھے میرے کیریئر میں آگے بڑھنے کے مواقع مل سکیں۔ (خاور مجید۔ڈیرہ غازی خان)
ج۔ اگر آپ ماسٹرز میں جانا چاہتے ہیں تو میرا یہ مشورہ ہے کہ آپ Networks MSc Distributed یا ایم ایس سی کمپیوٹر نیٹ ورکس میں کریں اور خصوصاً بیرون ملک میں سے کسی یونیورسٹی سے کریں لیکن اگر بیرون ممالک آپ مالی حالات کی وجہ سے نہیں جا سکتے تو آپ پاکستان کی یونیورسٹی سے یہ ڈگری کر سکتے ہیں۔
س۔سر میں فارم ڈی کا طالب علم ہوں میں اپنا کیریئر بہتر بنانے کے لئے فارم ڈی کے بعد سی ایس ایس کرو ںیا مجھے اپنی فیلڈ کا تجربہ حاصل کرنے کے لئے کام کرنا چاہئے؟ (حسن خان،پشاور)
ج۔میرا یہ مشورہ ہے کہ آپ فارمیسی میں ہی اپنا کیریئر بنائیں فارمیسی کرنے کے بعد مجھے لگتا ہے کہ آپ مارکیٹنگ میں ڈپلومہ کریں،جس سے یقیناً آپ کو ملازمت کے مواقع حاصل ہوں گے۔
س۔سر میں نے بی ایس سی (آنرز) الیکٹرونکس میں لاہور سے 2013ء میں کیا اور اب میں مارکیٹنگ کے شعبے میں ملازمت کر رہی ہوں۔یہ شعبہ میری تعلیم سے بالکل مختلف ہے اور بدقسمتی سے اس شعبے میں خواتین بہتر طریقے سے کام نہیں کر سکتیں۔میں اپنی تعلیم پھر سے شروع کرنا چاہتی ہوں اور ساتھ ساتھ میں اپنی ملازمت بھی جاری رکھوں گی،آپ سے گزارش ہے کہ میری رہنمائی کریں کہ میرے لئے بہتر فیلڈ کونسی ہے؟(فاخرہ تنویر،لاہور)
ج۔میرا یہ مشورہ ہے کہ آپ موجودہ ڈگری کے ساتھ ماسٹر مینجمنٹ میں کریں اور آپ ٹیکنالوجی مینجمنٹ یا انڈسٹریل مینجمنٹ میں سے کسی ایک کا انتخاب کر سکتی ہیں۔اس سے آپ کا کیریئر مینجمنٹ ایریا کی طرف شروع ہو گا۔
س۔سر میں ماس کمیونی کیشن کا طالب علم ہوں اور تعلیم کے چنائو میں آپ سے رہنمائی چاہتا ہوں،کیا مجھے صحافت(جرنلزم) اردو یا انگلش میں کرنا چاہئے؟ براہ کرم مجھے بتائیں کے میرے کیریئر کے لئے بہتر کیاہے؟ (جعفر ابو طالب۔اوکا ڑہ)
ج۔اگر آپ صحافت(جرنلزم)کرنے کا سوچ رہے ہیں اور لوکل یا انٹرنیشنل میڈیا میں اپنا نام اور لوہا منوانا چاہتے ہیں تو آپ کو انگلش میں لکھنے اور پڑھنے میں اچھی مہارت اور سمجھ ہونی چاہئے ۔
س۔ سر میں نے پنجاب یونیوسٹی لاہور میں زراعت کے شعبے میں داخلہ لیا ہے۔ میرے والدین چاہتے ہیں کہ میں اسی شعبے میں اپنی تعلیم جاری رکھوں جبکہ میرا رجحان مائیکرو بائیولوجی میں زیادہ ہے اور اسی فیلڈ میں آگے بڑھنا چاہتا ہوں۔ برائے کرام میری رہنمائی فرمائیں؟ (عرفان احمد۔لاہور)
ج۔مائیکرو بائیولوجی اور سیلولر بائیولوجی دونوں کی بہت زیادہ مانگ ہے اور کیریئر کو چار چاندلگانے میں موثر اور فائدہ مند ہے۔زراعت کا شعبہ آپ کے لئے فائدہ مند نہیں ہے جبکہ شعبہ مائیکرو بائیولوجی میں آپ ریسرچ تجزیہ کار کی حیثیت سے کام کر سکتے ہیں اور اس میں آگے بڑھنے کے بھی بہتر مواقع ہیں۔
س۔میرے بیٹے نے انڈسٹریل انجینئرنگ کی ڈگری یو ای ٹی لاہور سے پاس کی ہے براہ کرم مجھے بتائیں کہ اس کو کہیں ملازمت کرنی چاہئے یا پھر اپنی تعلیم جاری رکھے؟ (اصغر خان۔لاہور)
ج۔ اس سوال کے جواب کا انحصار اس بات پر ہے کہ آپ کا بیٹا مزید تعلیم پاکستان سے حاصل کرنا چاہتا ہے یا بیرون ملک سے۔ اگر وہ بیرون ملک جانا چاہتا ہے تو میں اسے مشورہ دوں گا کہ وہ مینو فیکچرنگ مینجمنٹ یا ٹیکنالوجی مینجمنٹ میں ایم ایس سی کرے جس سے نہ صرف اس کی موجودہ ڈگری کی اہمیت بڑھ جائے گی بلکہ اس کیلئے مزید بہتر مواقع بھی دستیاب ہوں گے۔
تازہ ترین