اسلام آ باد (رانا غلام قادر ) بیورو کریسی کوPTIکی 24نومبرکو اسلام آ باد دھرنے کی کال مہنگی پڑ ی،اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نےگریڈ 20 /21 میں ترقی کیلئے سلیکشن بورڈ کا 25 سے 27 نومبر تک شیڈول اجلاس ملتوی کردیا ، اجلاس آئندہ ماہ 23 سے 27 دسمبر تک منعقد ہو گا، گریڈ 19 /20 کے 700سے زائد افسر اگلے گریڈ میں ترقی کے منتظر ،پی ٹی آئی کی جانب سے 24نومبر کو اسلام آ باد میں دھرنے کی کال بیورو کریسی کو مہنگی پڑ گئی ہے اور حکومت نے افسران کی ترقی کیلئے طے شدہ سنٹرل سلیکشن بورڈ کااجلاس ملتوی کر دیا ہے۔ گریڈ 20 اور 21 میں ترقی کیلئے سنٹرل سلیکشن بورڈ کا اجلاس 25 سے 27 نومبر تک شیڈول تھا۔ جمعہ کے روزاسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے بورڈ کااجلاس ملتوی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق سنٹرل سلیکشن بورڈ کا اجلاس اب آئندہ ماہ 23 سے 27 دسمبر تک منعقد ہو گا۔ یاد رہے کہ سنٹرل سلیکشن بورڈ کا آخری اجلاس اگست 2023 میں ہوا تھا۔ گزشتہ ماہ 30اکتوبر کو وفاقی حکومت نے 14ماہ سے زیرِ التواء سنٹرل سلیکشن بورڈ کا اجلاس 25، 26 اور 27 نومبر کو طلب کیا تھا تاہم تحریکِ انصاف کے احتجاج کی وجہ سے اس کا انعقاد ممکن نہیں رہا اور حکومت نے شیڈول بورڈ اجلاس ملتوی کر دیا ہے۔