کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے ویڈیو بیان پر ٹیلی گراف ایکٹ 1885کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔ بشریٰ بی بی کے خلاف ایف آئی آر ڈیرہ غازی خان میں درج کی گئی ہے۔ مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی نے لوگوں کو ورغلانے کے لیے نفرت انگیز بیان دیا۔ پولیس کے مطابق ملزمہ کے خلاف دفعہ 126 ٹیلی گراف ایکٹ اور دیگر قوانین کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے۔ 190ملین پاونڈز ریفرنس میں مسلسل عدم پیشی پر احتساب عدالت نے بشریٰ بی بی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے نیب کو آئندہ سماعت پر ملزمہ کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دے دیا عدالت نے ملزمہ بشریٰ بی بی کے ضامن کو بھی شوکازنوٹس جاری کر دیا ، آئندہ سماعت 26 نومبر کو ہو گی۔