اسلام آباد (نمائندہ جنگ/ایجنسیاں) پی ٹی آئی احتجاج کے باعث نیشنل ہائی ویز اور موٹر ویز تاحکم ثانی بند ‘اسلام آباد میں پبلک ٹرانسپورٹ‘ گرین لائن‘بلیولائن ‘اورنج لائن سروس اورتمام ہاسٹلز بھی بند‘پمزاسپتال میں ہائی الرٹ ‘عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں جبکہ حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں 3دن کے لیے دفعہ 144نافذ کر دی جس کا اطلاق 23نومبر سے 25نومبر تک ہوگا۔ نوٹیفکیشن کے تحت صوبے میں 3روز تک ہر قسم کے احتجاج‘ جلسے‘ جلوس‘ریلیوں‘ دھرنوںاوراجتماعات سمیت دیگر تمام سیاسی سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی گئی‘ لاہور رنگ روڈبھی بند کردی گئی جبکہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ عدالتی حکم پر مکمل عملدرآمد ہو گا اور کسی کو جلسے جلوس کی اجازت نہیں دی جائے گی‘ کسی نے دھاوا بولا تو نقصان کا ذمہ دار خود ہو گا‘اگر یہ دھرنے کیلئے آنے کی کوشش کریں گے تو بہت مشکل ہوجائے گی‘خیبر پختونخواحکومت بتائے کہ ان کی توجہ وہاں دہشت گردی ختم کرنے پر ہونی چاہیے یا اسلام آبادپر دھاوا بولنا لازمی ہے۔تفصیلات کے مطابق نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس نے نیشنل ہائی ویز اور موٹر ویز تاحکم ثانی بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔این ایچ ایم پی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق جمعہ کی رات سے پشاور سے اسلام آباد اور لاہور سے اسلام آباد موٹر ویز بند ہوں گی۔