اسلام آباد (نمائندہ جنگ) خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں اور بلوچستان کے ضلع آواران، ڈیرہ بگٹی اور کیچ میں سیکورٹی فورسز کے خفیہ اطلاع پر آپریشن کےدوران 7خوارجی ہلاک اور 2زخمی ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع بنوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، آپریشن کے دوران سیکورٹی اہلکاروں نے خوارج کے ٹھکانے پر موثر انداز میں کارروائی کی۔ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 3 خوارج مارے گئے جبکہ 2 زخمی بھی ہوئے، آپریشن کے دوران اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا۔ ہلاک خوارج سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں سمیت معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھے، علاقے میں پائے جانے والے کسی اور خارجی کو ختم کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن بھی کیا گیا،سیکورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع آواران میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد مارے گئے۔