• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی کے 278 افراد شہید ہوئے، لطیف کھوسہ

مانسہرہ (نمائندہ جنگ/ٹی وی رپورٹ) تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی سردارلطیف کھوسہ نے دعویٰ کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے 278لوگوں کو گولیاں مارکر شہید کیاگیاہے ‘1900 زخمی ہیں‘ ریاست ان کے باپ کی نہیںہےجبکہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے احتجاج کے دوران شہید ہونے والے کارکنوں کے خاندانوں کیلئے فی کس ایک کروڑ روپے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ ہمارا دھرنا ایک تحریک ہے جو بانی پی ٹی آئی کی کال تک جاری رہے گی۔ 

انہوں نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے ڈھائی سال سے ہماری پارٹی کے ساتھ جبر وستم اور ظلم کیا جارہا ہے۔ ہم پر جعلی پرچے کاٹے گئے،مینڈیٹ چوری کیا گیا، ہمارا لیڈر آج ناجائز جیل میں بند ہے، ہمارے ووٹر تک کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا‘ہمیں پرامن احتجاج کی اجازت نہیں ملتی۔

 ایک ظالمانہ رواج اور روایت ڈالی گئی جس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، عدالت جاتے ہیں تو انصاف نہیں ملتا، ہمارے پاس ایک ہی چوائس ہے کہ جلسے کی اجازت نہ ملنے پر خود احتجاج کریں، یہ دھرنا بانی پی ٹی آئی کے اختیار میں ہے اور جاری ہے‘پورے پاکستان کو بتانا چاہتا ہوں ہمارا دھرنا جاری ہے‘ ضروری نہیں کہ دھرنے میں عوام ہو‘ انہوں نے لوگوں کو گولیاں ماریں‘ ہمارے سیکڑوں لوگوں کو گولیاں لگی ہیں‘ ہمارے شہدا کا ڈیٹا ابھی آرہا ہے، جو ہمارے کارکن گرفتار ہیں ان کا ڈیٹا بھی آرہا ہے۔ جب ایک وزیراعلیٰ ملک میں انصاف نہ لے سکے تو عوام کی کیا حیثیت ہے۔

اس موقع پر عمر ایوب خان نے کہا کہ جان بھی قربان ہے‘ ہم فرنٹ لائن پر کھڑے ہیں۔دریںاثناءجیونیوزکے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک ‘‘ میں میزبان حامدمیرسے گفتگو کرتے ہوئے لطیف کھوسہ کاکہناتھاکہ وزیرداخلہ بڑھکیں مارتے تھے کہ کوئی ڈی چوک آکر دکھائے‘ اتنے زیادہ ناکوں کے بعد بھی لوگ اسلام آباد پہنچے۔

 278لوگ انہوں نے گولیاں مار کر شہید کئے ہیں،1900لوگ زخمی ہیں۔کارکنوں کی شہادت پر ایف آئی آر درج کرائیں گے۔ریاست ان کے باپ کی نہیں ہے۔ خیبر پختونخوا کے لوگوں کا وفاق پر اتنا ہی حق ہے جتنا دوسرے صوبوں کا ہے۔ 

عمران خان کی اہلیہ ہماری بہن‘ ماں‘بھابھی اور لیڈر ہے ۔خدارا عزت اور تعظیم سے نام لیں۔بشریٰ بی بی نے کب سعودیہ عرب کا نام لیا۔ انہوں نے یہ کہا کہ جنرل باجوہ نے یہ بات کہی۔محمد بن سلمان عمران خان کا قریبی دوست ہے۔

اہم خبریں سے مزید