• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بغیر میرٹ بھرتی کیس: پرویز الہٰی کو پیش ہونے کا آخری موقع

سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی — فائل فوٹو
سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی — فائل فوٹو

سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کو اینٹی کرپشن کورٹ لاہور میں پیش ہونے کا آخری موقع مل گیا۔

اینٹی کرپشن کورٹ میں جج سردار محمد اقبال ڈوگر نے پرویز الہیٰ اور دیگر کے خلاف پنجاب اسمبلی میں میرٹ کے برعکس بھرتیوں کے کیس کی سماعت کی۔

عدالت نے استفسار کیا کہ چوہدری پرویز الہٰی آج بھی پیش نہیں ہوئے؟ 

چوہدری پرویز الہٰی کے وکلاء نے عدالت کو بتایا کہ چوہدری پرویز الہٰی بیمار ہیں اور ان کے پیٹ میں تکلیف ہے۔

عدالت نے یہ جواب سن کر کہا کہ فردِ جرم عائد کرنی ہے، چوہدری پرویز الہٰی کو عدالت میں پیش کریں، اگر آپ اُنہیں یہاں پیش نہیں کرتے تو عدالت اس پر مناسب حکم جاری کرے گی، گزشتہ سماعت پر آپ نے اُنہیں پیش کرنے کی یقینی دہانی کروائی تھی۔

چوہدری پرویز الہٰی کے وکلاء نے جواب دیا کہ آئندہ جو تاریخ دیں گے اس پر پیش کر دیں گے۔

پراسکیوشن نے کہا کہ پہلے بھی ان کو کئی بار موقع دیا گیا ہے، چوہدری پرویز الہٰی ضمانت کا غلط استعمال کر رہے ہیں۔

چوہدری پرویز الہٰی کے وکلاء نے بتایا کہ ڈاکٹر نے اُنہیں7 دن کے آرام کا مشورہ دیا ہے۔

عدالت نے وکلاء کی جانب سے چوہدری پرویز الہٰی کو آئندہ سماعت پر پیش کرنے کی تحریری یقین دہانی کروانے پر اُنہیں عدالت میں پیش ہونے کا آخری موقع دیتے ہوئے سماعت 18 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

قومی خبریں سے مزید