ضلع کرم میں امن و امان کی صورتِ حال کو بہتر بنانے کے لیے قائم جرگہ تاحال کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکا۔
جرگے کے ذرائع نے بتایا ہے کہ گرینڈ امن جرگہ کل کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکا تاہم کوہاٹ میں آج بھی مذاکراتی عمل جاری رکھا جائے گا۔
دوسری جانب پشاور پاراچنار مرکزی شاہراہ سمیت آمدورفت کے تمام راستے تاحال بند ہیں جس سے اشیائے خور و نوش، پیٹرول اور ادویات کی شدید قلت ہو گئی ہے جبکہ علاج کی سہولت نہ ملنے کے باعث شہری مشکلات کا شکار ہیں۔
حکام کے مطابق ضلع میں گیس ختم ہونے پر تندور اور ہوٹل بند ہونے سے شہریوں کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔
اس حوالےسے ایم این اے انجینئر حمید حسین کا کہنا ہے کہ پائیدار امن کے قیام کا واحد حل مرکزی شاہراہ محفوظ بنانا ہے۔
ادھر ڈپٹی کمشنر جاوید اللّٰہ محسود نے کہا کہ حالات معمول پر لانے اور متاثرین کی امداد کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کرم میں قبائل کے درمیان ہونے والے تصادم میں 100 سے زائد افراد جاں بحق ہو گئے تھے جس کے بعد سے اب تک حالات معمول پر نہیں آ سکے ہیں۔