• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
س۔سر میں نے بی ایس سی ڈبل میتھس اور فزکس کے ساتھ مکمل کی ہے،برائے کرم مجھے بتائیں کہ میرے لئے آگے کونسی فیلڈ میں اسکوپ ہو سکتا ہے؟ (اسامہ احمد،لاہور)
ج۔میتھس اور فزکس کے انتخاب سے پتہ چلتاہے کہ ان مضامین میں آپ کی دلچسپی ہے اور آپ ان میں کافی اچھے ہیں۔آپ کے لئے بہترین کیریئر کا انتخاب سوفٹ ویئر انجینئرنگ ہو سکتا ہے اور اس میں آپ کے لئے انٹرنیٹ یا ویب سیکورٹی ،آپشن ہو سکتی ہیں یا اس کے علاوہ آپ ٹیلی کمیونی کیشن یا موبائل انجینئرنگ کی طرف جا سکتے ہیں جس میں میتھ اور فزکس پر عبور ہونا بہت ضروری ہے۔اس لئے میں یہ سمجھتا ہوں کہ آپ اپنا کیریئر اسی فیلڈ میں بنائیں۔
س۔میں بی بی اے(آنرز) کے آخری سمسٹر میں ہوں مجھے سپلائی چین مینجمنٹ میں ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کرنی ہے برائے مہربانی میری رہنمائی فرمائیں کہ مجھے اس فیلڈ میں آگے جانا چاہئے یا نہیں؟ (یاسر شفیع،مردان)
ج۔سپلائی چین مینجمنٹ ایک ایسا مضمون ہے جس کی بہت مانگ ہے اور آنے والے وقت میں اس فیلڈ کے ماہر لوگوں کی مانگ اور بڑھ جائے گی۔ سپلائی چین مینجمنٹ میں ماسٹرز مکمل کرنے کے بعد میرا یہ مشورہ ہوگا کہ آپ چند سال کسی اچھی کمپنی/ آرگنائزیشن میں کام کریں اور پھر پی ایچ ڈی کے لئے کسی ریسرچ ٹاپک کا انتخاب کریں۔
س۔ سر میں بی سی ایس کر رہا ہوں اور اب مجھے اسپیشلائزیشن کا انتخاب کرنا ہے۔جو آپشن میرے پاس موجود ہیں ان میں نیٹ ورکنگ،ویب ڈیزائننگ اور سوفٹ ویئر شامل ہیں مجھے آپ کا مشورہ چاہئے کہ میں کس اسپیشلائزیشن کا چنائو کروں؟(زعیم حیدر،اوکاڑہ)
ج۔نیٹ ورکنگ ایک اہم فیلڈ ہے لیکن آپ انٹرنیٹ سیکورٹی اور ویب کرائم کے بارے میں بھی معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ان ایریاز میں آپ ایسے سوفٹ ویئرز بنانا سیکھتے ہیں جو اقتصادی اداروں، بنکوں اور قرض دینے والی کمپنیوں کی معلومات کی حفاظت کرتے ہیں اسی لئے یہ پیشہ دنیا کے بہترین پیشوں میں سے ایک ہے۔
س۔سر میں ایم بی بی ایس 4th year کی اسٹوڈنٹ ہوں میں ایف سی پی ایس نہیں کرنا چاہتی کیونکہ کلینیکل کے شعبے میں میری دلچسپی نہیں اور مستقبل میں، میں سی ایس ایس یا پی ایچ ڈی کروں گی۔آپ میری رہنمائی فرمائیں کہ مجھے پی ایچ ڈی کرنا چاہئے یا سی ایس ایس کی طرف جانا چاہئے؟(فاطمہ زہرہ،کوئٹہ)
ج۔میں یہ سمجھتا ہوں کہ آپ کو ایم بی بی ایس لازمی طور پر مکمل کرنا چاہئے اور اس کے بعد آپ ہائوس جاب کریں جس سے یقیناً آپ کو تجربہ حاصل ہو گا اور اس کے بعد آپ سی ایس ایس یا پی ایچ ڈی ڈگری کرنے کے بارے میں سوچ سکتی ہیں۔آپ اس بات کو ضرور مدِنظر رکھیں کہ ایم بی بی ایس مکمل کرنے کے لئے آپ نے کئی سال محنت کی ہے اور یقیناً آپ کو اپنی اس سخت اور کڑی محنت سے فائدہ حاصل کرنا چاہئے۔
س۔میرا بیٹا جون میں پریسٹن یونیورسٹی سے ایم بی اے مارکیٹنگ کی ڈگری مکمل کر لے گا اس سے پہلے وہ بی بی اے ہائی ٹیک یونیورسٹی ٹیکسلا سے کر چکا ہے۔ بدقسمتی سے جس پوسٹ گریجویٹ ڈگری کا انتخاب اس نے کیا ہے اس کے ڈگری ہولڈرز پاکستان میں بے شمار ہیں اس لئے اب میرا بیٹا چاہتا ہے کہ وہ اپنا کیریئر سوفٹ ویئر ڈیولپمنٹ یا نیٹ ورکنگ میں بنائے۔ برائے کرم آپ مجھے بتائیں کہ وہ کونسی ڈگری کا انتخاب کرے جس سے وہ کم وقت میں اپنی منزل حاصل کر سکے (مسعود خان،پشاور)
ج۔میرا یہ مشورہ ہے کہ جب آپ کا بیٹا ایم بی اے مکمل کر لے گاتو اسے ملازمت کے مواقع تلاش کرنے چاہئیں جو مینجمنٹ انفارمیشن سسٹمز کے شعبے میں ہوں اس سے آپ کے بیٹے کو انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلقہ ابتدائی تجربہ حاصل ہو گا اور وہ یہ جان پائےگا کہ آئی ٹی کے شعبہ میں کن اسپیشلائزیشنز کی مانگ ہے اس سے آپ کے بیٹے کو مستقبل میں ماسٹرز کی ڈگری کے انتخاب میں آسانی ہو گی۔
تازہ ترین