کراچی(اسٹاف رپورٹر) جامعہ کراچی کے سینئر پروفیسر ڈاکٹر ایم رضا شاہ کو جامعہ کراچی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ میرٹ پر بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) کا مستقل ڈائریکٹر مقرر کردیا ہے جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ برس 15 اکتوبر کو وائس چانسلر جامعہ کراچی ڈاکٹر خالد محمود عراقی کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں 8 امیدواروں کے انٹرویوز ہوئے جبکہ دو امیدوار پروفیسر فرزانہ شاہین اور پروفیسر شبانہ سمجی نے سلیکشن بورڈ میں اپنے وکیل کا لیگل نوٹس دیا۔ ان دونوں کا کہنا تھا کہ یہ سلیکشن بورڈ قانونی نہیں ہے اور وہ دونوں خاتون امیدوار انٹرویو دیے بغیر چلی گئیں۔ تاہم سلیکشن بورڈ نے اپنی کارروائی جاری رکھی اور تین امیدواروں کے ناموں کا انتخاب کرلیا سلیکشن بورڈ میں جن اراکین نے شرکت کی ان میں شعیب صدیقی، ڈین سائنسز ڈاکٹر مسرت جہاں یوسف، نادرہ پنجوانی، عزیز جمال، ڈاکٹر محمد اشرف، ڈاکٹر شاہد پرویز شامل تھے۔