اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) ہلالِ احمر پاکستان کے زیر اہتمام " کلائیمنٹ ایکشن اتحاد" کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کی کوآرڈی نیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم نے کہا کہ آئی ایم ایف کے جاری کردہ فنڈز میں سے ہلالِ احمر پاکستان کوبھی حصہ ملنا چاہیے۔ قدرتی آفات وسانحات کے علاوہ موسمیاتی تبدیلیوں سےنمٹنے کیلئے اقدامات قابلِ ستائش ہیں۔ ہلالِ احمرپاکستان موومنٹ پارٹنرز کے ساتھ وزارات موسمیاتی تبدیلی کا اشتراک بہتر نتائج کا حامل ہوگا۔ ہلالِ احمر پاکستان کی نئی قیادت کی حکمت عملی قابل ِ رشک ہے۔ سُرخ جیکٹ متاثرہ لوگوں کیلئے اُمید کی کرن ہے۔ ہلالِ احمر کے رضاکاروہ ورک فورس ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف نبرد آزما ہے۔ اِس موقع پر چیئرپرسن ہلالِ احمر محترمہ فرزانہ نائیک نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے ہمیں مشترکہ اقدامات اُٹھانے ہونگے یہ ایک علاقائی نہیں بلکہ عالمی چیلنج ہے۔