کراچی(طاہر عزیز/اسٹاف رپورٹر)شاہراہ فیصل پرڈرگ روڈ سے اسٹار گیٹ جانے والےناتھا خاں پل پر ایک بار پھر سوراخ ہو گیا‘گزشتہ تین سال میں یہ پل چوتھی بار ٹوٹا ہے‘بدھ کو ائرپورٹ جانے والے ٹریک پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہیں‘ لوگ اذیت کا شکار رہے‘اس بار بھی نشئی اورہیروئنچی پل کے نیچے سے سریے کاٹ کر لے گئے ‘انفرااسٹرکچر کی حفاظت اور دیکھ بھال پر مامور سٹی وارڈن شہر میں کہیں نظر نہیں آتے‘پل پر کیمرے نصب ہیں اور ان کی مانیٹرنگ کی جاتی ہے لیکن اس معاملے میں کے ایم سی سمیت پولیس اور ٹریفک پولیس ناکام دکھائی دیتے ہیں‘ اداروں کا آپس میں رابطے کا فقدان ہے‘ اب پل کی مرمت کو چار سے پانچ دن لگیں گے اور اس کا خمیازہ شہری ٹریفک جام میں پھنس کر روز بھگتیں گے‘ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس پل کی بیوٹیفیکیشن کا کام بھی جاری ہے اور سینٹرل میڈین کی دیوار توڑ کر نئی بنائی جارہی ہے اس کی وجہ سے ٹریفک پہلے ہی سست اور جام رہتا تھا‘ڈائریکٹر جنرل محکمہ انجینئرنگ طارق مغل نے بتایا کہ یہ پل 45سال پراناہے‘نیچے سے ہیرونچی سریے کاٹ کر لے جاتے ہیں جس کی وجہ سے سوراخ ہو جاتا ہے‘اب یہاں نیا پل بنانے کی ضرورت ہے ‘اس پر کام کیا جا رہا ہے۔