اسلام آباد (ناصر چشتی ) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی (پاور ڈویژن) کو بتایا گیا ہے آئی پی پیز کی کپیسٹی پیمنٹس ختم کرنے پر مجموعی طور پر 15سو ارب کی بچت ہوگی ،کپیسٹی پیمنٹس خاتمے سے صارفین کو 4سے 5روپے کا ریلیف ملے گا، کمیٹی نے ہدایت کی کہ لیسکو بجلی چوری پر قابو پانے کے لیے اپنے محکمے کی کالی بھیڑوں کو سزا دینے کے لیے اپنے احتسابی نظام کو مضبوط کرے۔کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز پارلیمنٹ ہاؤس میں ایم این اے محمد ادریس کی صدارت میں منعقد ہوا،کمیٹی نے مالی سال 2025-26 کے لیے وزارت توانائی (پاور ڈویژن) اور اس سے منسلک محکموں کی تمام بجٹ تجاویز کی توثیق کی، تاہم کمیٹی نے ہدایت کی کہ M/o انرجی (پاور ڈویژن) نئے منصوبے شروع کرنے سے پہلے جاری منصوبوں کو مکمل کرے اور تمام منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنائے کیونکہ یہ دیکھا گیا ہے کہ غیر ضروری تاخیر سے منصوبوں کی لاگت میں اضافہ ہوتا ہے۔ کمیٹی نے ضلع قصور کے بجلی صارفین پر چوری کے شبہ میں 78لاکھ اضافی یونٹ لگانے پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ کمیٹی نے معاملے کی تحقیقات کے لیے ذیلی کمیٹی تشکیل دی ۔