کراچی( اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے محکمہ بلدیات کے 5افسران کو معطل کردیا۔بدھ کو پی اے سی اجلاس چیئرمین نثار کھوڑو کی صدارت میں کمیٹی روم میں ہوا، محکمہ بلدیات کے افسران کو عدم شرکت پر معطل کردیا گیا۔اجلاس میں شہید بینظیر آباد ڈویژن کی ضلع کونسلز، ٹان و میونسپل کمیٹیز کی سال 2018 سے 2021 تک آڈٹ پیراز کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں چیئرمین پی اے سی نثار کھوڑو نے پی اے سی اجلاس میں محکمہ بلدیات کے افسران کی عدم شرکت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ بلدیات کے 5 افسران کو معطل کرنے کے احکامات جاری کئے۔معطل کئے جانے والوں میں شہید بینظیر آباد ضلع کونسل کے چیف آفیسر، میونسپل کمیٹی نوابشاہ کے میونسپل آفیسر، ٹاؤن کمیٹی بھریا، ٹاؤن کمیٹی جام نواز علی،ٹاؤن کمیٹی کنڈیاری کے ٹاؤن افسران شامل ہیں۔چیئرمین پی اے سی نثار کھوڑو نے کہا کہ پی اے سی اجلاس میں بلدیاتی افسران نے شرکت نہ کرکے غفلت کا مظاہرہ کیا ہے تاہم افسران کو پی اے سی میں عوام کے پیسوں کا حساب دینا پڑے گا اور جس جس محکمے کے افسران پی اے سی کو جوابدہ نہیں ہونگے اور آڈٹ ریکارڈ فراہم نہیں کرینگے ان افسران کو معطل کیا جائے گا۔ اجلاس میں پی اے سی چیئرمین نے ضلع کونسل نوشہروفیروز میں گھوسٹ ملازمین کی نشاندھی کے لئے ڈپٹی کمشنر کو ضلع کونسل کے ملازمین کا حاضری رجسٹر سیل کرکے ملازمین کی فزیکل تصدیق کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔