دبئی میں آئی سی سی چمپئینز ٹرافی 2025 کی گہما گہمی اور کرکٹ ایکشن رمضان میں بھی جاری رہے گا۔ اسی لیے روزے دار شائقین کرکٹ کو پریشان ہونے کی قطعاً ضرورت نہیں کیونکہ دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے والے فینز کو ”افطار باکس“ فری ملے گا۔
ایمرٹس کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں رمضان کے دوران کرکٹ انجوائے کریں، افطار کی فکر چھوڑ دیں، افطار باکس روزے داروں کو نشستوں پر ہی ملے گا۔
شائقین کرکٹ چاہے جنرل اسٹینڈ میں بیٹھے ہوں یا پھر پریمیئر اسٹینڈ سے میچ دیکھ رہے ہوں یا پھر پویلین اور پلاٹینیم اسٹینڈ سے میچ دیکھ رہے ہوں، اب سب روزے دار فینز کو افطار باکس فراہم کردیے جائیں گے۔
دبئی میں رمضان کے آغاز کا امکان یکم مارچ ہے جبکہ نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان گروپ میچ دو مارچ کو ہوگا جبکہ چار مارچ کو دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں آئی سی سی چمپئینز ٹرافی کا سیمی فائنل بھی کھیلا جائے گا۔