• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعلی مریم نوازکے صنعتی اور زرعی شعبوں میں انقلابی اقدامات، کاشتکاروں، غریبوں، ناداروں اور بے گھر افراد کیلئے فلاحی، تعمیری اور عوامی خدمت کے منصوبے قابل تحسین ہیں اور عوام بھی ان کی پالیسیوں پر اظہار اعتماد کر رہے ہیں۔ سمبڑیال کے ضمنی الیکشن میں ن لیگ کی امیدوار کی بھاری اکثریت سے کامیابی اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ بجلی کے بلوں سے پریشان عوام کیلئے انکا یہ فیصلہ یقینی طور پر حوصلہ افزا ہے کہ پنجاب کی پاور کمپنیوں کا ٹیرف کم کرنے کی منظوری دی گئی ہےجو 30 سے 40فیصد تک کم ہو سکے گی۔ یہ عوام کیلئے ایک بڑا ریلیف ہے اور پنجاب رضاکارانہ طور پر بجلی کے نرخ کم کرنے والا پہلا صوبہ بن گیا ہے۔ وزیر اعلی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے 26ویں اجلاس میں دیگر کئی اہم فیصلے کئے گئے۔ چیف منسٹر ویٹ پروگرام 2025، ایئر پنجاب کمپنی، مزدوروں کیلئے راشن کارڈ، حفاظتی اقدامات، بلاسود الیکٹرک ٹیکسیوں کی فراہمی، بڑے شہروں میں چارجنگ سٹیشن، پہلی چائلڈ پروٹیکش پالیسی، نواز شریف میڈیکل سٹی کیلئے اراضی اور 9ڈویژن میں الیکٹرک بسوں کی فراہمی، جرنلسٹ ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کیلئے 400ملین اور سکولوں میں سہولیات کیلئے 40ارب روپے کی گرانٹ، پنجاب آٹزم سکول اینڈ ریسورس سنٹر ایکٹ 2025، کاشتکاروں کی سہولت کیلئے الیکٹرانک وئیر ہائوس ریسیٹ سسٹم، چھانگا مانگا وائلڈ لائف اور ایکوٹور ازم کے منصوبوں سمیت درجنوں پروگراموں کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں 101 ایجنڈ پوائنٹس پیش کیے گئے۔ ان منصوبوں سے نئے منافع بخش کاروبار، سرمایہ کاری، ملازمت کے مواقع اور مزدوروں کی حالت بہتر ہو گی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی مثالی پالیسیوں سے پنجاب ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے۔ ان کاکہنا ہے کہ وہ گندم کے کاشتکاروں کیلئے بہت بڑا پیکیج دینے جا رہی ہیں اور جو وہ کہتی ہیں کر کے دکھاتی ہیں۔ یہ حقیقت ہے کہ انکے منصوبوں پر عملدرآمد ہوتا نظر بھی آتا ہے۔ دیگر صوبوں کو بھی اس طرح کے منصوبے لانے چاہئیں۔

تازہ ترین