• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

واپڈا کے میٹر ریڈنگ اسٹاف کا ایک روزہ سیمینار، اسٹاف کے مسائل اجاگر

کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر)آل پاکستان واپڈا ہائیڈر والیکٹرک ورکرز یونین(سی بی اے) کے میٹر ریڈنگ اسٹاف کا ایک روزہ سیمینار خورشید لیبرہال کوئٹہ میں منعقد ہوا۔،جس سے یونین کے مرکزی جوائنٹ صدر محمد رمضان اچکزئی، یونین کے رہنماء سید آغا محمد،آپریشن سینٹرل سرکل کے زونل چیئرمین رفعت اللہ جوگیزئی، میٹر ریڈنگ کوآرڈینیشن کمیٹی کے کنوینر خان محمد اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے میٹر ریڈنگ اسٹاف کے مسائل اجاگرکئے اور بتایا کہ میٹرریڈنگ اسٹاف کے مسائل حل ہونے سے میٹرریڈنگ اسٹاف ادارے کی ترقی کیلئے بجلی چوری کو روکنے، ریکوری اہداف حاصل کرنے اور صارفین کی بہتر خدمت کرنے کیلئے بہتر طور پر مطمئن ہوکر کام کرسکیں گے۔انہوں نے بتایا کہ کیسکو کے آفیسروں کی تعداد دیگر ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے برابر رکھی گئی ہے جبکہ اس وقت کیسکو سے 80فیصد زرعی لوڈ سولر سسٹم پر شفٹ ہوچکا ہے اتنا بڑا لوڈ شفٹ کرنے کے باوجود کیسکو بورڈ آف ڈائریکٹرز اور کیسکو انتظامیہ اعلیٰ سطح پرافسروں کی ترقیوں پر ترقیاں اور بھرتیوں پر بھرتیاں کررہی ہے ملتان الیکٹرک کمپنی میں 80لاکھ سے زیادہ صارفین موجود ہیں جبکہ کیسکو میں صارفین کی تعداد تقریباً ساڑھے6لاکھ ہے لیکن ان ساڑھے6 لاکھ صارفین کیلئے بھی افسروں کی وہی تعداد رکھی گئی ہے جبکہ دوسری طرف کیسکو میں اہلکاروں کی تعداد دیگر ڈسٹری بیوشن کمپنیوں یا صارفین کی تعداد کی مناسبت سے نہیں بڑھائی گئی۔ کیسکو میں 5ہزارسے بھی کم اسٹاف سے سولہ، سولہ گھنٹے اورہفتہ ، اتور اور عید جیسے مواقعوں پر بھی کام لیا جارہا ہے،انہوں نے کہا کہ مزدور اس ملک کے معمار ہیں ملک کی ترقی میں ان کا خون شامل ہے اورگزشتہ کچھ عرصے کے دوران 130 سے زائد کارکنوں نے اپنی جانوں کی قربانیاں دی ہیں اورکئی کارکن دوران کام معذورہوچکے ہیں،حکومت، بورڈآف ڈائریکٹرز اورڈسٹری بیوشن کمپنیوں کا فرض بنتا ہے کہ وہ تمام فیصلوں اورمسائل کے حل میں بطور اسٹیک ہولڈر سی بی اے یونین کو شریک کرکے پاورسیکٹر میں بہتری لائیں۔
کوئٹہ سے مزید