• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
س۔سر میں ایل ایل بی پارٹ ٹو کررہا ہوں اور اپنی انگریزی کی بول چال اور الفاظ کو بہتر بنانا چاہتا ہوں،برائے کرم مجھے بتائیں کہ یہ میرے لئے کس طرح ممکن ہے کیونکہ میں نے بی کام کیا ہے اور اب لاء کر رہا ہوں،برائے کرم میری رہنمائی فرمائیں(فرمان گورایا،میانوالی)
ج۔میرا یہ مشورہ ہے کہ آپ ہر روز تقریباً 30منٹ انگریزی اخبار یا ناول پڑھنے میں صرف کریں، باقاعدگی سے بی بی سی نیوز دیکھیں، اپنے کسی دوست کے ساتھ انگریزی میں بات چیت کریں اور جب آپ کو لگے کہ انگریزی پر آپ کی اچھی گرفت ہو گئی ہے تو IELTSکی تیاری کریں اور امتحان میں بیٹھیں تاکہ آپ کو یہ پتہ چل سکے کہ آپ کو انگریزی پر کتنا عبور حاصل ہوا ہے۔
س۔میرے بڑے بیٹے نے فاسٹ یونیورسٹی سے بی ایس سی ٹیلی کمیونی کیشن انجینئرنگ مکمل کی ہے اور گزشتہ تین سال سے ایک سیمنٹ پلانٹ میں Instrumentation Engineerکی حیثیت سے کام کر رہا ہے،وہ مزید تعلیم حاصل کرنا چاہتا ہے لہٰذا آپ سے گزارش ہے کہ آپ مجھے مشورہ دیں کہ میرے بیٹے کے لئے کونسا شعبہ مناسب رہے گا؟(عتیق الرحمان ،لاہور)
ج۔آپ کے بیٹے کے لئے دو آپشنز ہیں جن میں سے وہ کسی ایک کا انتخاب کر سکتا ہے وہ مینجمنٹ ڈگری، جو ایم ایس سی مینجمنٹ ٹیکنالوجی یا ایم ایس سی ٹیلی کام ،وائرلیس یا موبائل ایپلی کیشنر میں کر سکتا ہے۔
س۔سر میری بیٹی بی ایس کے آخری سمسٹر میں ہے اور وہ یہ ڈگری Virology & immuneologyنسٹ یونیورسٹی سے کر رہی ہے۔ظاہری طور پر یہ مضمون نہ اتنا مقبول ہے اور نہ اس کی مانگ ہے دراصل میری بیٹی نے یہ مضمون نہ چاہتے ہوئے شروع کیا تھاکیونکہ وہ ایم بی بی ایس میں داخلہ حاصل کرنے میں ناکام رہی تھی۔ اس نے اولیول اور اے لیول سعودیہ سے کیا اور FSc equivalency میں 82%نمبر حاصل کئے لیکن پھر بھی اسے ناکامی ہوئی اور نسٹ سے بی ایس شروع کیا۔آپ سے گزارش ہے کہ یہ بتائیں کہ میری بیٹی آگے کیا کرے۔ وائرولوجی میں آگے ایم فل ہے لیکن مجھے نہیں لگتا کہ اس مضمون کی کوئی اہمیت ہے۔کیا اسے ایم بی اے کرنا چاہئے؟ برائے کرم میری رہنمائی فرمائیں (اختر مینگل۔شیخوپورہ)
ج۔بدقسمتی سے میں آپ کی بات سے اختلاف رکھتا ہوں۔Virology & immuneology ایسے مضمون ہیں جن کی مانگ پوری دنیا میں ہے اور انٹرنیشنل لیول پر اس شعبے میں بے شمار ملازمت کے اور آگے بڑھنے کے مواقع موجود ہیں۔ اگر آپ کی بیٹی وائرولوجی میں ایم ایس سی کرتی ہے جینیٹکس میں اسپیشلائزیشن کے ساتھ تو مجھے یقین ہے کہ نہ صرف پاکستان میں بلکہ بیرون ممالک کہیں بھی اسے بے شمار ملازمت کے مواقع حاصل ہوں گے۔ میں بالکل بھی ایم بی اے کرنے کا مشورہ نہیں دوں گا۔
س۔سر میں میڈیکل کا طالب علم ہوں اور اس سال کے آخر میں میری ڈگری مکمل ہو جائے گی ۔میں آگے اپنی ہائوس جاب شروع کرنے کے لئے پُرامید ہوں میری آپ سے درخواست ہے کہ آپ مجھے رہنمائی فراہم کریں کہ میں اپنا میڈیکل کا پروفیشن جاری رکھوں یا میں سی ایس ایس کروں؟ آپ جانتے ہیں جو اس وقت میڈیکل ڈاکٹروں کے حالات جا رہے ہیں میں اس وجہ سے بہت پریشان ہوں۔(خرم بشارت۔ساہیوال)
ج۔میں آپ کو بالکل بھی مشورہ نہیں دوں گا کہ آپ اس وقت اپنا پروفیشن تبدیل کریں۔آپ نے اس ڈگری کو حاصل کرنے کے لئے 6سال سخت محنت کی ہے تو اس مقام پر میرا یہ مشورہ ہے کہ آپ اپنی ہائوس جاب مکمل کریں اور ایک اسپیشلائزیشن کرنے کی کوشش کریں، آپ اپنی موجودہ میڈیکل فیلڈ میں آگے میڈیکل مارکیٹنگ کی طرف جا سکتے ہیں یا آپMBA Hospitality Management میں کر سکتے ہیں اور اس اسپیشلائزیشن کی پاکستان میں بھی بہت مانگ ہے۔
تازہ ترین