کراچی(اسٹاف رپورٹر) بھارتی میڈیا نے ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد پر ایک بار پھر سوالیہ نشان اٹھانے کی کوشش کی ہے ۔پی سی بی چیئرمین محسن نقوی کے آئی سی سی اجلاس میں شرکت نہ کرنےپربھارتی میڈیا نے پروپیگنڈہ شروع کر دیا ہے۔محسن نقوی اجلاس کے لئے سنگاپور نہ جاسکے اور وہ ویڈیو لنک پر میٹنگ میں شرکت کریں گے۔ بھارت نے محسن نقوی کے آئی سی سی اجلاس میں نہ جانےپر ایشیا کپ کے مکمل بائیکاٹ کی دھمکیاں دینا شروع کر دی ہیں۔ آئی سی سی چیئر مین جے شاہ کی سربراہی میں یہ آئی سی سی کا پہلا سالانہ اجلاس ہے۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اجلاس میں شرکت کے لیے سنگاپور نہیں جا رہے آن لائن شرکت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق صدر ایشین کرکٹ کونسل محسن نقوی نے ایشیاکپ کا اجلاس جمعرات کو ڈھاکا میں طلب کیا ہے۔بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت ،عمان، سری لنکا کےساتھ افغانستان ایشیاکپ کے اجلاس کا بائیکاٹ کرےگا،ان ممالک کی غیرموجودگی میں ہونے والے کسی فیصلے کی اہمیت نہیں ہوگی، بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایشیاکپ اس وقت تک ہی ممکن ہوگا جب اجلاس کا وینیو تبدیل ہوگا، بھارت کو ڈھاکا میں اجلاس پر تحفظات ہیں۔ ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی اجلاس کا وینیو تبدیل نہ کرنے پر ڈٹے ہوئے ہیں،اےسی سی نے براہ راست شرکت نہ کرنے والے ممبر ممالک کو آن لائن شرکت کا آپشن دیا ہوا ہے۔ایشین کرکٹ کونسل ستمبر میں ٹورنامنٹ دبئی میں کرانا چاہتا ہے۔