کوئٹہ (پ ر) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے پریس ریلیز میں کہا ہےکہ کوئٹہ شہر میں جاری بجلی کے کم وولٹیج اور طویل لوڈشیڈنگ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان حالات کے باعث واسا کا نظام بری طرح متاثر ہو رہا ہے اور متعدد علاقے پینے کے پانی سے محروم ہیں۔ پشتون آباد، شالدرہ کاسی II-I، ایسٹرن بائی پاس، سرہاب اور دیگر علاقوں میں واسا کے ٹیوب ویلز بجلی کے درکار وولٹیج نہ ملنے کی وجہ سے بند پڑے ہیں، جس کے نتیجے میں شہری پانی جیسی بنیادی سہولت سے محروم ہو چکے ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ واسا اور کیسکو کے درمیان تعاون کی کمی اور مسائل کے باعث کوئٹہ شہر مکمل طور پر ٹینکر مافیا کے رحم و کرم پر ہے۔ پارٹی رہنماؤں نے متعدد بار واسا اور کیسکو کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کی ہیں اور انہیں تحریری طور پر بھی آگاہ کیا گیا ہے، مگر صورتحال میں کوئی بہتری نہیں آئی۔پارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ کیسکو فوری طور پر واسا کو درکار وولٹیج کی فراہمی یقینی بنائے تاکہ ٹیوب ویلز فعال ہو سکیں اور شہریوں کو پانی کی سہولت فراہم کی جا سکے۔