کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) لسبیلہ یونیورسٹی اف ایگریکلچر واٹر اینڈ میرین سائنسز کی سنڈیکیٹ کی بائیسویں میٹنگ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبد المالک ترین کی زیر صدارت منعقد ہوئی۔ جس میں سیکریٹری گورنمنٹ اف بلوچستان کالجز ہائر اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ صالح محمد بلوچ ،فنانس ڈیپارٹمنٹ کے ایڈوائزر بشیر احمد ،لوامز کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر الہی بخش مرغزانی ،رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر احمد نواز کھوسہ، مختلف فیکلٹی کے ڈینز ،ایسوسی ایٹ پروفیسر، ٹریژرر ،ڈپٹی ٹریژرر ،ڈائریکٹر کیو ای سی ، کنٹرولر اف ایگزامینیشن ،یونیورسٹی کالج اف ڈیرہ مراد جمالی کے ڈائریکٹر سمیت ڈپٹی رجسٹرار اکیڈ مکس نے شرکت کی ۔وائس چانسلر نے اجلاس کو یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات میں جاری ڈگری پروگرامز ،اسکالرشپس ،ترقیاتی پروجیکٹس ،قومی اور بین الاقوامی سطح پر مختلف جامعات کے ساتھ دستخط کیے گئے مفاہمتی یاد داشت اور سب کیمپسز کے بارے میں بریفنگ دی ۔اجلاس میں اکیڈمک کونسل اور فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کی سفارشات زیر بحث ائیں۔ اجلاس کے ممبران نے تمام سفارشات پر سیر حاصل بحث کی اور اکیڈمک کونسل کی سفارشات جن میں نئے ڈگری پروگرامز کی منظوری ہائر ایجوکیشن کمیشن کی نئی پالیسیز اور ریوائزڈ سلیبس کی منظوری دی گئی جبکہ فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کی سفارشات پر غور وخوص کیا گیا اور یونیورسٹی کے سال25- 2024 کے اخراجات اور سال26 -2025 کے تخمینہ اخراجات اور دیگر متفرق مالی امور کی بھی منظوری دے دی گئی .علاوہ ازیں ملازمین کے مختلف معاملات اور پالیسیز زیر بحث رہے اور منظوری دی گئی ۔اجلاس میں شامل ممبران نے یونیورسٹی کے اکیڈمک اور مالی معاملات اور یونیورسٹی میں دیرپا ترقی کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کی بھی تعریف کی ۔